سنگین غداری کیس ، سابق وزیراعظم شوکت عزیز کے اہلخانہ کاایف آئی اے کی انکوائری کمیٹی کا طلبی نوٹس وصول کرنے سے انکار

ایف آئی اے نے متحدہ عرب امارات میں پاکستانی سفارتخانے کو شوکت عزیز تک نوٹس پہنچانے کی درخواست کردی

منگل 12 جنوری 2016 20:08

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔12 جنوری۔2016ء) سنگین غداری کیس میں سابق وزیراعظم شوکت عزیز کے اہلخانہ نے پاکستان ہائی کمیشن برطانیہ کے ذریعے ایف آئی اے کی انکوائری کمیٹی کا طلبی کا نوٹس وصول کرنے سے انکار کر دیاجس کے بعد ایف آئی اے نے متحدہ عرب امارات میں پاکستانی سفارتخانے کو شوکت عزیز تک نوٹس پہنچانے کی درخواست کر دی۔

ایف آئی اے ذرائع کے مطابق سنگین غداری کیس میں ایف آئی اے کی انکوائری کمیٹی کے سربراہ واجد ضیاء نے سابق وزیراعظم کو شامل تفتیش کرنے کیلئے خط لکھا اور انہیں 4جنوری کو اپنا بیان ریکارڈ کرانے کیلئے طلب کر رکھا تھا۔ ذرائع کے مطابق شوکت عزیز برطانیہ میں پاکستانی ہائی کمیشن کے ذریعے لندن میں ان کی رہائش گا ہ کے پتے پر بھیجا گیا تھا تاہم شوکت عزیز کے اہلخانہ نے یہ نوٹس وصول کرنے سے انکار کر دیا۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق اب متحدہ عرب امارات میں پاکستانی سفارتخانے کو ایف آئی اے کی انکوائری کمیٹی کی طرف سے خط لکھا گیا ہے کہ شوکت عزیز کا دبئی میں آنا جانا لگا رہتا ہے،لہٰذا غداری کیس میں شامل تفتیش ہونے کا نوٹس ان تک پہنچایا جائے، انکوائری کمیٹی کی طرف سے شوکت عزیز کے نام نوٹس بھی یو اے ای میں پاکستانی سفارتخانے کو ارسال کر دیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ سنگین غداری کیس میں ایف آئی اے سابق صدر پرویز مشرف کا بیان ریکارڈ کر چکی ہے جبکہ سابق چیف جسٹس نے بیان ریکارڈ کرانے کی بجائے سپریم کورٹ نے رجوع کر لیا ہے۔