”ریاستی تاریخ کا منفرد احتجاج“

منگل 12 جنوری 2016 16:02

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔12 جنوری۔2016ء)ریاستی تاریخ کا منفرد احتجاج ، پیپلز پارٹی کی ذیلی تنظیم پی ایس ایف کا اپنی حکومت کی کرپشن ،لوٹ مار ،میرٹ پامالیوں ،اقرباء پروری اور کارکن کش پالیسیوں کے خلاف مرکزی ایوان صحافت کے باہر کفن پوش مظاہرہ ،کارکنوں نے پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر حکومت مخالف نعرے اور مطالبات درج تھے، طلباء یونین کی بحالی ،روزگار کی فراہمی ،مظفرآباد پونچھ تعلیمی بورڈ کے قیام سمیت جملہ مطالبات 30جنوری تک پورے نہ کیے گئے تو وزیراعظم چوہدری عبدالمجید اور کرپٹ وزراء کے علامتی تابوت اٹھا کر زرداری ہاؤس کی جانب لانگ مارچ کریں گے ، مظاہرین کا خطاب۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کی ذیلی تنظیم پیپلز سٹوڈنٹس فیڈریشن (PSF) نے ریاستی حکومت کے خلاف علمدار چوک تا مرکزی ایوان صحافت” کفن پوش ریلی “نکالی گئی ۔

(جاری ہے)

مرکزی ایوان صحافت کے باہر ریلی بڑے اجتماع کی صورت اختیار کر گئی ۔ احتجاجی مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے ضلعی صدر پی ایس ایف سید علی رضا سبزواری ، پیپلز پارٹی کے ترجمان سدھیر مغل ، فخر عباس کاظمی ، چوہدری شاہنواز اختر ، سجاد خان ، مقیم مغل ، علی شاہ ، باسط مغل ،کاشف کاظمی ،راجہ شاہد ، حنیف سلہریا ،نوید مغل ،تصور عباس ،شیخ عبدالرؤف،محسن اعوان، چوہدری دانیال چشتی ،حسیب کاظمی ، متعال قریشی، دانیال کیانی ، رضوان اعوان ،اسد میر ،علی رضا کاظمی ،راجہ جنید و دیگر نے کہا کہ حکومت آزادکشمیر نے لوٹ مار ،کرپشن کی انتہا کرتے ہوئے اپنے انتخابی منشور سے انحراف کیا ہے جس کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں ، وزیراعظم چوہدری عبدالمجید اور وزراء کرپشن میں لت پت پیپلز پارٹی کو بدنام کر رہے ہیں ، مرکزی چئیرمین بلاول بھٹو زرداری ، وزیراعظم اور کابینہ کی طرف سے کارکن کش پالیسیاں ،لوٹ مار ، اقرباء پروری ، نوکریوں کی خرید و فروخت ا ور پیپلز پارٹی کو ناقابل تلافی نقصان پہنچانے کا نوٹس لیتے ہوئے وزیر اعظم اور کرپٹ وزراء کے خلاف کاروائی کریں ۔

طلباء یونین ، روزگار ، مظفرآباد تعلیمی بورڈ کا قیام، پی ایس ایف کا کنونشن نوجوانوں کا بنیادی حق ہر صورت لے کر رہیں گے۔ مطالبات کی منظوری کا 30جنوری تک ٹائم دیتے ہیں۔ مطالبات منظور نہ ہوئے تو وزیراعظم اور کرپٹ وزراء کے علامتی تابوت لے کر زرداری ہاؤس اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کریں گے ۔مقررین نے مطالبات کے حق اور حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کرتے ہوئے کفن پوش سرخ سپاہی روڈ پر لیٹ کر احتجاج کرتے رہے ۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت نے عوام کے حقوق پر ڈاکہ ڈالتے ہوئے اپنی تقدیریں تو بدل لیں مگر عوام کو زندہ کفن پہننے پر مجبور کر دیا ، پی ایس ایف کے کارکنان کی جانب سے کفن پہن کر احتجاج وزیر اعظم چوہدری عبدالمجید اور ان کے کرپٹ وزراء کے منہ پر تمانچہ ہے ، وزیراعظم اور وزراء فی الفور مستعفی ہو کر کارکنان سے معافی مانگتے ہوئے لوٹا ہوا مال قومی خزانے میں جمع کروائیں ۔مظاہرین نے قرارداد کے ذریعے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور آصف علی زرداری کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے چوہدری عبدالمجید اور ان کی کابینہ کے خلاف کاروائی کا مطالبہ بھی کیا ۔