بہاولپور اور ٹوبہ ٹیک سنگھ کی جیلوں میں 2 قاتلوں کو پھانسی پر لٹکا دیاگیا

منگل 12 جنوری 2016 11:20

بہاولپور / ٹوبہ ٹیک سنگھ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔12 جنوری۔2016ء) بہاولپور اور ٹوبہ ٹیک سنگھ کی جیلوں میں قتل کے دو مجرموں کو پھانسی دیدی گئی۔ تفصیلات کے مطابق بہاولپور کی نیو سنٹرل جیل میں قتل کے مجرم کو پھانسی دی گئی۔ مجرم رشید احمد نے 2004ء میں زمین کے تنازع پر ایک شخص کو قتل کردیا تھا۔ ٹوبہ ٹیک سنگھ میں 23سال سے جیل میں قید سزائے موت کے قیدی محمد سردارعلی کو ڈسٹرکٹ جیل میں پھانسی دی گئی۔

ٹوبہ ٹیک سنگھ کے نواحی چک نمبر 358 گ ب مغلی کے رہائشی ریٹائرڈ فوجی محمد سردار علی ولد سلیمان نے 2دسمبر 1993ء کو ضمنی الیکشن کے موقع پر انتخابی رنجش کی بنا پر اپنے ہی گاوں کے امان اللہ ولد محمد شفیع کو فائرنگ کرکے قتل کردیا تھا جس پر تھانہ رجانہ پولیس نے ملزم کے خلاف زیر دفعہ 302/34 ت پ مقدمہ نمبر 362/93 درج کرکے چالان عدالت میں پیش کررکھا تھا۔

(جاری ہے)

مقدمہ کی سماعت مکمل ہونے پر اس وقت کے ایڈیشنل سیشن جج ٹوبہ ٹیک سنگھ مسٹر محمد خلیل چوہدری نے 4دسمبر 1996ء کو محمد سردار علی کو سزائے موت کا حکم سنایا۔سردار علی نے اپنی سزا کے خلاف عدالت عالیہ لاہور میں اپیل دائر کی جو 8اکتوبر 2001ء کو خارج ہوگئی۔ سردار علی نے عدالت عالیہ لاہور کے فیصلہ کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل دائر کی مگر وہاں سے بھی 22جون 2007ء کو اپیل خارج ہوگئی جس پر سردار علی نے 3اگست 2009ء کو صدرمملکت کو رحم کی اپیل بذریعہ سپرنٹنڈنٹ ڈسٹرکٹ جیل ٹوبہ ٹیک سنگھ بھجوائی جو 8دسمبر 2015ء کو وہاں سے مسترد ہوگئی جس پر ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد یار ولانہ نے سردار علی کی سزا پر عملدرآمد کیلئے 12جنوری منگل کا دن مقرر کیا تھا۔

منگل کی صبح کو مجسٹریٹ درجہ اول‘ میڈیکل آفیسر اور سپرنٹنڈنٹ ڈسٹرکٹ جیل سمیت دیگر متعلقہ حکام کی موجودگی میں سردار علی کو تختہ دار پر لٹکا دیا گیا۔