اسلام آباد سمیت فاٹا خیبر پختونخواہ، بلوچستان اور پنجاب میں بارش اور برفباری سے سردی کی شدت میں اضافہ

منگل 12 جنوری 2016 11:17

اسلام آباد /لیہ /پشاور/(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔12 جنوری۔2016ء ) وفاقی دارالحکومت سمیت فاٹا خیبر پختونخواہ، بلوچستان اور پنجاب میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ،محکمہ موسمیات نے آئندہ 24گھنٹوں کے دوران خیبرپختونخواہ،پنجاب ، اسلام آباد، فاٹا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بارش،پہاڑوں پر برفباری اور پنجاب کے میدانی علاقوں اور سندھ میں دھند پڑنے کی پیشگوئی کی ،سڑکوں پر پھسلن کی وجہ سے ڈرائیور حضرات کو محتاط ڈرائیونگ کرنے کی ہدایت کی گئی ۔

ملتان،مظفر گڑھ،جہانیاں اور بھکر سمیت پنجاب کے کئی علاقو ں میں بارش کے بعد سردی بڑھ گئی۔ دیامر اور چترال میں رات سے وقفے وقفے سے برف باری جاری رہی ۔پنجاب میں گوجرہ ، بھکر، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور گردونواح میں گرج چمک کیساتھ بارش ہوئی۔

(جاری ہے)

ملتان میں موسم سرما کی پہلی بارش نے سردی کی شدت بڑھادی۔ مظفر گڑھ میں بارش نے موسم کو خوشگوار بنادیا۔

جہانیاں ، میاں چنوں، گڑھ مہاراجا سمیت بیشتر علاقوں میں بھی کبھی تیز تو کبھی ہلکی بارش کا سلسلہ جاری رہا۔خیبرپختونخوا میں بھی بادل بر سے ۔پشاور اور گردونواح میں ہلکی ہلکی بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا۔ سوات کے میدانی علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پربرفباری سے سردی بڑھ گئی ۔ گلگت بلتستان سمیت مختلف بالائی علاقوں میں سرد ہوائیں چلنے سے سردی اور بھی زیادہ بڑھ گئی ہے۔

آئندہ 24گھنٹوں کے دوران میں خیبرپختونخواہ(مالاکنڈ، ہزارہ، پشاور، کوہاٹ، مردان، بنوں، ڈی آئی خان ڈویژن)، بالائی پنجاب (راولپنڈی،سرگودھا، گوجرانوالہ، فیصل آباد، لاہور ڈویژن)، اسلام آباد، فاٹا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں کہیں کہیں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔ پنجاب کے میدانی علاقوں اور بالائی سندھ میں صبح کیوقت ہلکی دھند پڑنیکا امکان ہے۔

ریکارڈ کیے گئے کم سے کم درجہ حرارت سکردو منفی 10،استور ، گوپس منفی 07، قلات منفی 06، پاراچنارمنفی 05، گلگت منفی 04، دیر، مالم جبہ، ہنزہ منفی 03، کوئٹہ منفی 02، چترال منفی 01 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ گزشتہ24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور سرد رہا۔تاہم بالائی فاٹا، بالائی خیبر پختونخواہ، کوئٹہ، ژوب، ملتان ڈویژن اور اسلام آباد میں چند مقامات پر بارش اور پہاڑوں پر برفباری ہوئی۔پاراچنار میں05، کوئٹہ 04، دیر، ملتان03،ژوب، سیدو شریف 02، بنوں، کالام، میانوالی 01 ملی میٹر بارش جبکہ کالام میں 01 انچ برفباری ریکارڈ کی گئی۔