وزیراعظم عوام کو بائی پاس نہ کریں، اقتصادی راہداری کا نقشہ پارلیمنٹ میں لایا جائے، ساری اشرافیہ کرپشن کیلئے آپس میں ملی ہوئی ہیسب لوگوں کو فوری طور پر اپنا اپنا خون ٹیسٹ کروانا چاہیے تا کہ پتا چلے کہ جو کھالیں برآمد کی گئیں ان کا گوشت کس کس نے کھایا ہے

تحریک انصاف کے رہنماء علی محمد خان کی پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو

پیر 11 جنوری 2016 22:51

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔11 جنوری۔2016ء) پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء و رکن قومی اسمبلی علی محمد خان نے کہا ہے کہ ساری اشرافیہ کرپشن کیلئے ملی ہوئی ہے، وزیراعظم عوام کو بائی پاس نہ کریں، اقتصادی راہداری کا نقشہ پارلیمنٹ میں لایا جائے، سب لوگوں کو فوری طور پر اپنا اپنا خون ٹیسٹ کروانا چاہیے تا کہ پتا چلے کہ جو کھالیں برآمد کی گئیں ان کا گوشت کس کس نے کھایا ہے۔

وہ پیر کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نئے نئے سیاست میں آئے ہیں، میں ان کیلئے دعا گو ہوں کہ وہ کامیاب ہوں، ابھی وہ کچی سیاست کرتے ہیں، انہیں بھٹو کے نقش قدم پر چلنا چاہیے، بھٹو موت سے نہیں ڈرتے تھے اور یہاں پروٹوکول کے نام پر عوام کو قریب نہیں آنے دیا جا رہا، عوام کو بائی پاس کر کے کبھی بھی کامیاب نہیں ہو سکتے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اقتصادی راہداری پر تحفظات دور کرنے کیلئے کسی اے پی سی کی ضرورت نہیں، وزیراعظم اقتصادی راہداری کا نقشہ پارلیمنٹ میں لائیں اور عوامی نمائندوں کو بتائیں ، اگر روٹ میں ایک انچ کا بھی فرق ہو تو استعفیٰ دے دیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر طرف گدھے کی دو لاکھ کھالوں اور حرام گوشت کی بات ہو رہی ہے ،سب لوگوں کو فوری طور پر اپنا اپنا خون ٹیسٹ کروانا چاہیے تا کہ پتا چلے کہ جو کھالیں برآمد کی گئیں ان کا گوشت کس کس نے کھایا ہے۔