گریٹر اقبال پارک میں تحریک پاکستان کے ہیروز کے حوالے سے گیلری قائم کی جائے گی ‘عبداﷲ خان سنبل

گریٹر اقبال پارک میں فوڈ کورٹس کے چھ داخلی راستوں کو سندھ، بلوچستان، خیبرپختوانخوا، پنجاب، گلگت بلتستان اور کشمیر کی ثقافت سے مزین کیا جائے گا‘کمشنر لاہور ڈویژن

پیر 11 جنوری 2016 19:43

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔11 جنوری۔2016ء ) کمشنر لاہور ڈویژن عبداﷲ خان سنبل کے زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ گریٹر اقبال پارک میں تحریک پاکستان کے ہیروز کے حوالے سے گیلری قائم کی جائے گی جس میں ممتاز راہنماؤں کی تصاویر، تاریخ، کارناموں کو اجاگر کرنے کے علاوہ گیلری میں آڈیو اینڈ ویژول کا انتظام ہوگا جن کے ذریعے دس سے پندرہ منٹ پر مشتمل مختصر تاریخی ڈاکو منٹریزدکھائی جائیں گی- کمشنر لاہور ڈویژن نے کہا کہ گریٹر اقبال پارک میں فوڈ کورٹس کے چھ داخلی راستوں کو سندھ، بلوچستان، خیبرپختوانخوا، پنجاب، گلگت بلتستان اور کشمیر کی ثقافت سے مزین کیا جائے گا-کمشنر لاہور ڈویژن عبداﷲ خان سنبل کی زیر صدارت گریٹر اقبال پارک کے حوالے سے ہونے والے اجلاس میں یوسف صلاح الدین، ڈی جی والڈ سٹی لاہور اتھارٹی کامران لاشاری، ڈی جی پی ایچ اے میاں شکیل احمد، ایڈیشنل کمشنر کوآرڈی نیشن صاحب زادی وسیمہ عمر، نبیلہ رشید جیسپاک و دیگر افسران نے شرکت کی- اجلاس کو ’’ہسٹری ان میوزیم‘‘ گیلری کے حوالے سے پی ایچ اے کی تیار کردہ بریفنگ سے بھی آگاہ کیا گیا- ڈی جی پی ایچ اے نے اجلاس کو بتایا کہ گیلری میں ’’ٹچ کمپیوٹر اسکرین‘‘ بھی مہیا ہوگی جس میں لوگ مختلف قسم کی معلومات سے استفادہ کر سکیں گے- کمشنر لاہور ڈویژن عبداﷲ خان سنبل نے کہا کہ گریٹر اقبال پارک کے ہر سیکشن کو ماہرین کی آراء کی روشنی میں ترتیب دیا جائے گا تاکہ لاہور کی ثقافت و تاریخی مقامات کو بہترین انداز میں اجاگر کیا جا سکے-