جناح ہسپتال کے برن یونٹ کو مکمل طور پرآپریشنل کرنے کے لیے اقدامات کئے جارہے ہیں‘ خواجہ سلمان رفیق

برن یونٹ کے سات میں سے پانچ آپریشن تھیٹرز فنکشنل ہیں، آئی سی یو کو فنکشنل کرنے کے لیے اینستھیزیاکے ڈاکٹرز درکار ہیں

پیر 11 جنوری 2016 18:17

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔11 جنوری۔2016ء) وزیر اعلیٰ پنجاب کے مشیر برائے صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا ہے کہ جناح ہسپتال کابرن یونٹ محدود پیمانے پر کام کررہاہے اور اس کے سات میں سے5آپریشن تھیٹرز فنکشنل ہیں ، برن یونٹ کو اس کی استعاعت کار کے مطابق مکمل آپریشنل کرنے کے لیے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ یہ بات انہوں نے سول سیکرٹریٹ میں جناح ہسپتال کے برن یونٹ کو اس کی کیپسٹی کے مطابق فنکشنل کرنے سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔

اجلاس میں سیکرٹری سپشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن نجم احمد شاہ ، ایڈیشنل سیکرٹری ڈویلپمنٹ محمود حسن، پرنسپل علامہ اقبال میڈیکل کالج پروفیسر محمود شوکت، پراجیکٹ ڈائریکٹر جناح برن یونٹ پروفیسر ڈاکٹر معظم تارڑ اور ایم ایس جناح ہسپتال ڈاکٹر شفقت نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

پروفیسر معظم تارڑ نے اجلاس کو بتایا کہ برن یونٹ کے سات میں سے پانچ آپریشن تھیٹرز آپریشنل ہیں اور برن یونٹ کے 75میں سے 50بیڈز زیر استعمال ہیں۔

پروفیسر معظم تارڑ نے کہا کہ برن یونٹ کا آؤٹ ڈور بھی کام کررہاہے اور اس یونٹ میں برن کیسزکا علاج معالجہ جاری ہے تاہم سیریس برن کیسز کا علاج و آپریشن شروع کرنے کے لیے انہتائی نگہداشت(آئی سی یو)وارڈ کو فنکشنل کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ برن یونٹ کے لیے منظور شدہ 314آسامیوں میں سے264پر تعیناتیاں ہوچکی ہیں اور آئی سی یو کو چلانے کے لیے اینستھیزیا کے ڈاکٹرز کی ضرورت ہے۔

سیکرٹری ہیلتھ نجم احمد شاہ نے ہدایت کی کہ جناح ہسپتال کے برن یونٹ کے آئی سی یو کو فنکشنل کرنے کے لیے فوری طور پر اینستھیزیاکے 10پی جی ٹرینی ڈاکٹرز کی سیٹیں پیدا کرنے کے لیے کیس تیار کیا جائے تاکہ اس کی جلد از جلد منظوری لے کر جناح ہسپتال کے برن یونٹ کو اس کی کیپسٹی کے مطابق فنکشنل کیا جاسکے۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ حکومت نے برن یونٹ کے لیے100ملین روپے کی خوصی گرانٹ مہیا کردی ہے اور انہتائی نگہداشت وارڈ کو چالو کرنے کے لیے جلد پی جی ٹرینی ڈاکٹرز مہیا کردئیے جائیں گے۔

متعلقہ عنوان :