لاہور میں سوائن فلو میں مبتلا خاتون دوران علاج دم توڑ گئی ، مزید 12کیسز بھی رپورٹ

لاہور میں سوائن فلو سے پہلی ہلاکت ہے ،تمام سرکاری ہسپتالوں میں سوائن فلو کے خاتمے کیلئے گولیاں فراہم کردی گئی ہیں‘ محکمہ صحت

پیر 11 جنوری 2016 18:15

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔11 جنوری۔2016ء) صوبائی دارالحکومت لاہور میں سوائن فلو میں مبتلا ایک خاتون دم توڑ گئی جبکہ مزید 12کیسز بھی رپورٹ ہوئے ہیں ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق شہری بدستور سوائن فلو کے حملوں کی زد میں ہیں۔ رواں سیزن کے دوران سوائن فلو سے تیسری ہلاکت ہوگئی ہے۔ 61سالہ خاتون طاہرہ بیگم علاقہ ٹھوکر نیاز بیگ کی رہائشی تھی جسے چند روز قبل نزلہ اور شدید بخار کی حالت میں وحدت روڈ کے نجی ہسپتال لایا گیا تھا۔

طاہرہ بیگم کے ایچ ون این ون انفلواینزا میں مبتلا ہونے کی نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ اسلام آباد سے تصدیق ہوگئی تاہم علاج معالجے کے دوران طاہرہ بیگم جانبر نہ ہو سکی اور گزشتہ روز دم توڑ گئی ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ رواں سیزن کے دوران سوائن فلو سے تیسری ہلاکت ہے مگر محکمہ صحت کے مطابق طاہرہ بیگم لاہور میں سوائن فلو سے ہلاک ہونے والی پہلی مریضہ ہیں جبکہ تمام سرکاری ہسپتالوں میں سوائن فلو کے خاتمے کے لیے گولیاں فراہم کردی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ ذرائع حوالے سے بتایا گیا ہے کہ چوبیس گھنٹوں کے دوران شہر کے مختلف سرکاری اور پرائیویٹ ہسپتالوں میں سوائن فلو کے مزید 12کیسز بھی رپورٹ ہوئے ہیں ۔واضح رہے کہ سوائن فلو جانوروں سے انسانوں اور انسانوں سے انسانوں کو منتقل ہونے والی بیماری ہے جو ایچ ون این ون نامی وائرس سے پھیلتی ہے۔سوائن فلو میں انسان شدید نزلہ زکام اور بخار میں مبتلا ہوجاتا ہے اور اس کی سانس کی نالی سکڑنے لگتی ہے، پاکستان میں عموماً سردی کے موسم میں لوگ اس بیماری کا شکار ہوتے ہیں، جس کی تشخیص ماہر ڈاکٹر کے ذریعے ہی ممکن ہے۔

پاکستان میں اس سے قبل بھی سوائن فلو کے کئی کیسز سامنے آچکے ہیں جبکہ اس وائرس میں مبتلا کئی مریض مختلف شہروں کے ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔خیال رہے کہ سوائن فلو کا پہلا کیس سال 2009ء میں میکسیکو میں سامنے آیا تھا۔

متعلقہ عنوان :