کراچی،گھریلو حالات سے تنگ ذہنی معذور شہری اور ٹریفک پولیس اہلکاروں کی تلخ کلامی کے بعد ہاتھاپائی

پیر 11 جنوری 2016 17:04

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔11 جنوری۔2016ء) کراچی کے علاقے پی آئی ڈی سی میں گھریلو حالات سے تنگ ذہنی معذور شہری اور ٹریفک پولیس اہلکاروں کی تلخ کلامی کے بعد ہاتھاپائی ہوگئی جس میں اہلکاروں نے شہری کی ہیلمٹ کے ساتھ دھلائی کردی جبکہ کارسرکار میں مداخلت کا مقدمہ درج کرکے شہری کو پابند سلاسل کر دیاگیا تاہم بعد ازاں اسے شخصی ضمانت پررہا کرتے ہوئے تفتیشی افسر نے منگل کو عدالت میں پیش ہونے کی ہدایت کی ۔

میڈیا اطلاعات کے مطابق شفیق نامی شہری کوپولیس چوکی میں موٹرسائیکل پارک کرنے سے روکا گیا جس پر اس نے ٹریفک پولیس اہلکاروں کے ساتھ جھگڑا شروع کردیا اور اہلکاروں پر ہاتھ اٹھایا۔ شہری کی طرف سے اہلکار پر ہاتھ اٹھائے جانے کے بعد 4 سے 5 پولیس اہلکاروں نے مل کر اس کی دھلائی کردی۔

(جاری ہے)

ایک زیادہ ہی جوشیلے اہلکار نے ہیلمٹ کے دل کھول کر وار کیے۔

موقع پر موجود لوگوں اور رینجرز کے اہلکاروں نے فریقین میں بیچ بچاوٴ کرایا۔بیچ بچاوٴہونے کے بعد سندھ پولیس نے شفیق کو موبائل میں ڈالا اور سول تھانے منتقل کردیا جہاں فوری طور پر اس کے خلاف دفعہ 353 کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا۔ ایف آئی آر میں شفیق پر دوران ڈیوٹی پولیس اہلکاروں پر ہاتھ اٹھانے اور کارِ سرکار میں مداخلت کا الزام لگایا گیا ہے۔

شفیق کے بھائی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ نفسیاتی مریض ہے اور کافی دنوں سے اس کا علاج چل رہا ہے جبکہ اس کے گھریلو حالات بھی خراب ہیں۔ڈی آئی جی ٹریفک امیر شیخ نے کہا کہ شفیق کو اپنے رویے کے باعث بحریہ سے نکالا گیا ہے۔ ٹریفک پولیس اہلکار معاملہ حل کرنا چاہتے تھے اور اس کو سمجھایا تھا کہ یہاں موٹر سائیکل پارک نہ کی جائے لیکن اس نے خود معاملے کو بگاڑا۔

متعلقہ عنوان :