درپیش چیلنجوں پر قابو پانے کے لئے جامع حکمت عملی پر عمل پیرا ہیں،جرأت مندانہ فیصلوں کے ذریعے 2013ء میں پاکستان کے بارے میں کی جانے والی پیشنگوئیاں غلط ثابت کر دی ہیں،مثبت پالیسیوں کی بدولت پاکستان سرمایہ کاروں کیلئے پرکشش ملک بن چکا ہے،معیشت کے استحکام میں اسٹاک ایکسچینج کا کلیدی کردار ہے

وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی افتتاحی تقریب سے خطاب

پیر 11 جنوری 2016 16:54

اسلام آباد ۔ 11 جنوری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔11 جنوری۔2016ء) وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں موجودہ حکومت کا وژن ایک خودمختار، خوشحال اور باوقار پاکستان ہے۔ درپیش چیلنجوں پر قابو پانے کے لئے جامع حکمت عملی پر عمل پیرا ہیں۔ ان چیلنجوں سے مل کر ہی نمٹا جا سکتا ہے، پاکستان کا مستقبل تابناک ہے،معیشت کے استحکام میں اسٹاک ایکسچینج کا کلیدی کردار ہے۔

انہوں نے یہ بات پیر کو یہاں مقامی ہوٹل میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ موجودہ حکومت نے معیشت کی بحالی اور اصلاحات کے لئے واضح روڈ میپ بنایا ہے۔ نیک نیتی اور خلوص نیت کے ساتھ تمام کام انجام دیئے جا سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے یاد دلایا کہ موجودہ حکومت نے درست سمت، واضح وژن اور ٹھوس و جرات مندانہ فیصلوں کے ذریعے 2013ء میں پاکستان کے بارے میں کی جانے والی پیشنگوئیاں غلط ثابت کر دی ہیں۔

معیشت، انسداد دہشت گردی، توانائی اور سماجی شعبہ کی ترقی ہماری ترجیح ہے۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ آج کا دن تاریخی ہے جس پر میں سب کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ آنے والے دنوں میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی افادیت واضح ہوگی۔ پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا خواب پورا ہونے میں 15 سال لگے۔ پاکستان کی بہتری کے لئے ہر قدم اٹھائیں گے۔ تاجر برادری کو ملکی معاشی ترقی کے لئے اعتماد میں لیا۔

انہوں نے کہا کہ ٹیکس نیٹ میں اضافہ کے لئے کوشاں ہیں اور ملک میں ٹیکس ادائیگی کے کلچر کو فروغ دینا چاہتے ہیں۔ محصولات میں اضافہ سے ہی ملک ترقی کرے گا۔ قانون سازی کے حوالے سے حکومت کا وژن واضح ہے۔ مستقبل کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے قانون سازی کی جا رہی ہے۔ پاکستان کی منزل کے حصول کے لئے ابھی بہت کچھ کرنا باقی ہے۔ اصلاحات پر عمل پیرا ہیں جن کے مثبت نتائج برآمد ہو رہے ہیں۔

مسلسل محنت کے ذریعے ہم نے اپنے اہدف کم مدت میں حاصل کئے۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت بالخصوص معیشت، توانائی، تعلیم اور صحت کے شعبوں میں نمایاں بہتری کے لئے کوشاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ توانائی کی قلت کے مسئلہ پر قابو پانے کے لئے ٹھوس اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں، ۔ 2018ء تک توانائی کی قلت کا مسئلہ دور کرنے کے لئے پرعزم ہیں۔

ہم طویل مدتی طور پر اس مسئلہ کو حل کرنے کے لئے کوشاں ہیں تاکہ طلب و رسد کا مسئلہ پائیدار بنیادوں پر حل ہو۔ مارچ 2018ء بجلی کی طلب و رسد کا فرق ختم ہو جائے گا اور 10 ہزار میگاواٹ مزید بجلی نظام میں شامل ہو جائے گی جبکہ 14 ہزار میگاواٹ کے منصوبوں پر کام جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ بنیادی ڈھانچے کی ترقی کیلئے بھی متعدد منصوبے جاری ہیں جن پر شفاف انداز میں عمل کیا جا رہا ہے۔

اس سے نہ صرف معاشی ترقی ہوگی بلکہ روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے، غربت میں کمی آئے گی۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ موجودہ حکومت کی مثبت پالیسیوں کی بدولت پاکستان سرمایہ کاروں کے لئے پرکشش ملک بن چکا ہے۔ پاکستان کی ریٹنگ منفی سے مثبت ہو گئی ہے۔ جیٹرو کے مطابق پاکستان سرمایہ کاری کے لئے دوسرا پرکشش ترین ملک ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بہتری اور ترقی کا یہ سفر جاری رہے گا۔