Live Updates

الیکشن کمیشن جمہوریت کا نگہبان ، سردار رضا ادارے کی ساکھ کو تباہ ہونے سے بچائیں ،عمران خان

پیر 11 جنوری 2016 16:19

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔11 جنوری۔2016ء) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن جمہوریت کا نگہبان ہے ،چیف الیکشن کمشنر ادارے کی ساکھ کو تباہ ہونے سے بچائیں اور شہریوں کو معلومات کے حصول کا حق دیا جائے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے چیف الیکشن کمشنر سردار رضا خان کو لکھے گئے ایک خط میں کیا ۔خط کے مندرجات کے مطابق عمران خان نے کہا کہ جمہوریت کے مستقبل کا ا نحصار شفاف و غیر جانبدار الیکشن کمیشن پر ہے ، اٹھارہویں آئینی ترمیم کے ذریعے آرٹیکل19 اے کو آئین پاکستان کا حصہ بنا کر شہریوں تک معلومات تک رسائی کا حق فراہم کیا گیا ہے ، آپ پر لازم ہے کہ کمیشن کی سرگرمیوں کو عوام سے خفیہ رکھ کر الیکشن کمیشن کی ساکھ کو تباہ کرنے کی کوششیں ناکام بنائیں۔

(جاری ہے)

یہ حقیقت ہے کہ مئی2013ء سے اب تک این اے 122 میں 23ہزار سے زائد ووٹوں کو ووٹر لسٹوں سے خارج یا اس میں شامل کیا گیا ۔1974ء کے الیکٹورل رول ایکٹ کے مطابق الیکشن کمیشن ہی شفاف ووٹر لسٹوں کی تیاری کا ذمہ دار ہے ۔الیکشن کمیشن کے بعض افسران کا یہ دعویٰ کہ نادرا کی جانب سے ووٹر لسٹوں میں رد وبدل کیا گیا ، سمجھ سے بالا تر ہے ۔ووٹر لسٹ میں تبدیلی کے جائزے کے لئے دستاویزی ریکارڈ کے حصول کی غرض سے علیم خان کی درخواست گزشتہ برس نومبر سے زیر التواء ہے ، ایاز صادق علیم خان کی اس درخواست کی مخالفت میں مسلسل سرگرم ہیں ، الیکشن کمیشن کے معاملات کو خفیہ رکھنے پر اصرار سمجھ سے بالا تر ہے ۔

الیکشن کمیشن آرٹیکل 19اے کی رو پر عملدرآمد کرے اور مطلوبہ معلومات فوری فراہم کی جائیں۔الیکشن کمیشن قوم کے اعتماد اور جمہوریت کی نگہبانی کا ذمہ دار ہے اورالیکشن کمیشن کو زیب نہیں دیتا کہ وہ علیم خان یا تحریک انصاف کے خلاف بے جا عداوت پر اتر آئے۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات