پاکستان کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز کے لیے نیوزی لینڈ ٹیم کا اعلان

پیر 11 جنوری 2016 15:10

پاکستان کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز کے لیے نیوزی لینڈ ٹیم کا اعلان

آک لینڈ (اردو پوا ئنٹ تازہ ترین اخبار11جنوری- 2016ء) نیوزی لینڈ نے پاکستان کے خلاف جمعے سے شروع ہونے والی ٹی ٹونٹی سیریز کے لیے کین ولیمسن کی قیادت میں 13 رکنی ٹیم کا اعلان کردیا ، آل راؤنڈر ٹوڈ ایسٹل کو پہلی دفعہ ٹیم میں شامل کیا گیا ہے جبکہ برینڈن میکولم مختصر طرز کرکٹ سے کنارہ کشی کے باعث ٹیم میں شامل نہیں ہیں ۔ کیوی ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن ہندوستان میں ہونے والے ورلڈ ٹی ٹونٹی میں تین سپنرز کو ٹیم میں شامل کرنا چاہتے ہیں اور اسی لیے 29 سالہ ایسٹل کو پاکستان کے خلاف سیریز میں ٹیم کا حصہ بنا یا گیا ہے ۔

تجربہ کار بلے باز روس ٹیلر کو پاکستان کے خلاف پہلے ٹی ٹونٹی میچ میں آرام کا موقع دیا گیا، ان جگہ ٹام لیتھم کو ٹیم میں جگہ دی گئی ہے ، لیتھم صرف پہلے میچ جبکہ روس ٹیلر دوسرے اور تیسرے میچ میں ٹیم کا حصہ ہوں گے ۔

(جاری ہے)

پاکستان کے خلاف تین میچز کی ٹی ٹونٹی سیریز کے لیے نیوزی لینڈ کی ٹیم جن کھلاڑیوں پر مشتمل ہوگی، اُن میں کین ولیمسن (کپتان) ، کورے اینڈرسن، ٹوڈ ایسٹل ، ٹرینٹ بولٹ ، گرانٹ ایلیٹ ، مارٹن گپٹل ، میٹ ہنری ، ٹام لیتھم ، مچل میکلیکلینگن ، ایڈم ملنے ، کولن مینرو ، لیوک رانچی ، مچل سینٹنر اور روس ٹیلر شامل ہیں ، پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پہلا ٹی ٹونٹی 15 جنوری کو آکلینڈ میں کھیلا جائے گا ، دوسرا میچ 17 جنوری کو ہیملٹن اور تیسرا میچ 22 جنوری کو ویلنگٹن میں کھیلا جائے گا ۔