سندھ ہائی کورٹ کا ایم کیو ایم کے 3لاپتہ کارکنوں کی بازیابی سے متعلق درخواست کی سماعت میں شارق کمال نامی شخص کی گمشدگی کی ایف آئی آر رینجرز کے خلاف درج کرنے کا حکم

پیر 11 جنوری 2016 14:27

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔11 جنوری۔2016ء) سندھ ہائی کورٹ نے ایم کیو ایم کے 3لاپتہ کارکنوں کی بازیابی سے متعلق درخواست کی سماعت میں شارق کمال نامی شخص کی گمشدگی کی ایف آئی آر متعلقہ رینجرز کے خلاف درج کرنے کا حکم دے دیا۔ پیر کو سندھ ہائی کورٹ میں ایم کیو ایم کے تین لاپتہ کارکنوں کی بازیابی سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی۔

(جاری ہے)

عدالت نے ایم کیو ایم کے کارکنان ابرار احمد، شارق کمال اورماجد کی عدم بازیابی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ابرار کی بازیابی میں پیش رفت رپورٹ پیش نہ کرنے پر ایس ڈی پی او اورنگی کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔ درخواست گزار کی طرف سے کہا گیا کہ ابرار 20جنوری 2015کو اورنگی سے لاپتہ ہوا۔عدالت نے دوسرے گمشدہ کارکن شارق کمال کی گمشدگی کی ایف آئی آر متعلقہ رینجر افسر کے خلاف درج کرنے کا حکم دے دیا۔ درخواست گزار کی طرف سے کہا گیا کہ شارق کو شاہ فیصل سے رینجرز نے حراست میں لیا تھا۔ عدالت نے تیسرے گمشدہ ایم کیو ایم کے کارکن ماجد کی گمشدگی پر جے آئی ٹی رپورٹ 25جنوری کو طلب لی۔