جرائم کی شرح میں اضافہ،73ہزا ر سے زائد اشتہاریوں کی عدم گرفتاری پر پنجاب اسمبلی توجہ دلاؤنوٹس جمع

پنجاب میں جرائم میں اضافہ اور اشتہاریوں کے کھلے عام پھرنے سے عوام عدم تحفظ کا شکار ہیں ‘ رکن اسمبلی خدیجہ عمر فاروقی

پیر 11 جنوری 2016 13:58

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔11 جنوری۔2016ء) پاکستان مسلم لیگ (ق) کی رکن پنجاب اسمبلی خدیجہ عمرفاروقی نے پنجاب میں جرائم کی شرح میں اضافہ اور 73ہزار سے زائد اشتہاریوں کی عدم گرفتاری پر پنجاب اسمبلی میں توجہ دلاؤ نوٹس جمع کروادیا ہے ۔اپنے توجہ دلاؤ نوٹس میں انہوں نے کہا کہ پنجاب میں جرائم میں اضافہ اوربڑی تعداد میں اشتہاریوں کے کھلے عام دندناتے پھرنے سے عوام عدم تحفظ کا شکار ہے شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کی ذمہ داری حکومت وقت پر عائد ہوتی ہے جس میں وہ ناکام ہے ۔

اشتہاری اورڈاکو دندناتے پھر رہے ہیں عوام اپنے گھروں کے دہلیز پر، بازاروں اور پبلک مقامات پر بھی محفوظ نہیں ۔خدیجہ فاروقی نے کہا کہ پنجاب میں امن و امان کی صورتحال میں بہتری کے دعوؤں کے باوجود جرائم کا گراف اوپر جارہا ہے ۔

(جاری ہے)

اس کا اندازہ اس امر سے لگایا جاسکتا ہے کہ پنجاب میں مختلف نوعیت کے جرائم میں ملوث اشتہاری ملزموں کی تعداد 73ہزار سے تجاوز کرچکی ہے جن کی گرفتاری پولیس کے لیے ایک بڑا چیلنج ہے۔

ان اشتہاریوں میں سنگین جرائم میں انتہائی مطلوب240ملزمان بھی شامل ہیں جن کے نام بلیک بک میں بھی درج ہیں جبکہ دہشت گردی کی مختلف کارروائیوں میں ملوث انتہائی مطلوب 109ملزمان بھی شامل ہیں جن کے سروں کی قیمتیں بھی مقرر کی گئی ہے جو ایک لاکھ سے ایک کروڑ روپے ہیں ۔ یہ تمام ملزمان تاحال آزاد پھررہے ہیں۔ان کی گرفتاری تک عوام عدم تحفظ کاشکار رہیں گے اس لیے ان ملزمان کی گرفتاری کے خلاف خصوصی آپریشن اور اقدامات کی ضرورت ہے ۔