مثبت ڈوپ ٹیسٹ، یاسر شاہ معطلی کیخلاف اپیل کریں گے،پی سی بی نے کونسل کو آگاہ کر دیا

پیر 11 جنوری 2016 12:44

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔11 جنوری۔2016ء) پاکستانی لیگ اسپنر یاسر شاہ مثبت ڈوپ ٹیسٹ کے سبب ہونے والی معطلی کے خلاف انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی) سے اپیل کریں گے۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی کو اس حوالے سے آگاہ کردیا ہے اور کھیل کی عالمی گورننگ باڈی ایک ٹریبونل بنائے گی جو یاسر شاہ کی اپیل کی سماعت کرے گی۔یاسر شاہ کو گزشتہ ماہ 27 دسمبر کو ممنوعہ دوا کے استعمال کے سبب مثبت ڈوپ ٹیسٹ آنے کے بعد معطل کردیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

آئی سی سی کے مطابق لیگ اسپنر یاسر شاہ کا ڈوپ ٹیسٹ 13 نومبرکو ہوا تھا جس میں یہ سامنے آئی ہے کہ یاسر شاہ نے کورثیلیڈون نامی ایک دوا کا استعال کیا جو کہ واڈا قوانین کے تحت ممنوع ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق یاسر نے اپنی بیوی کی بلڈ پریشر کی دوا استعمال کر لی اور وہ یہ نہیں جانتے تھے کہ اس میں ممنوعہ اشیا شامل ہیں جس کی وجہ سے ان کا دوپ ٹیسٹ مثبت آ گیا۔معطلی کے دوران یاسر کسی بھی قسم کے انٹرنیشنل میچ یا پی سی بی اور اس سے منسلک اداروں کے کسی میچ میں شرکت نہیں کر سکتے۔