شرجیل میمن کی نااہلی کے لئے سپریم کورٹ میں آئینی درخواست دائر

پیر 11 جنوری 2016 12:14

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔11 جنوری۔2016ء) سابق وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن کی نااہلی کے لئے سپریم کورٹ میں آئینی درخواست دائر کر دی گئی ہے۔ درخواست محمود اختر نقوی نے پیر کے روز دائر کی ہے جس میں چیف سیکرٹری سندھ‘ رجسٹرار سندھ ہائیکورٹ‘ سیکرٹری الیکشن کمیشن اور شرجیل میمن سمیت اداروں اور دس شخصیات کو فریق بنایا گیا ہے۔

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ شرجیل میمن بیرون ملک ہیں اور انہوں نے ایک پاور آف اٹارنی کے ذریعے ہائیکورٹ سے ضمانت کی درخواست دی ہے۔ جبکہ آئین اور قانون اس کی اجازت نہیں دیتا۔ آئین کی دفعہ 174 کے تحت شرجیل میمن جو کہ ممبر سندھ اسمبلی ہیں بدعنوانی کے معاملات کی وجہ سے پاکستان سے فرار ہو کر دبئی میں موجود ہیں۔

(جاری ہے)

شرجیل میمن سندھ حکومت کی مدد سے فرار ہوئے ہیں۔

بعد ازاں انہوں نے حفاظتی ضمانت قبل از گرفتاری کا مقدمہ دبئی میں موجود ہوتے ہوئے دائر کیا اس لئے عدالت سے استدعا ہے کہ شرجیل میمن کو فوری طور پر غیر ملک سے انٹرپول سے گرفتار کر کے عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا جائے۔ نیب کو اس کے خلاف کارروائی کی ہدایت کی جائے اور تمام تر ریکارڈ عدالت میں طلب کیا جائے۔ علاوہ ازیں آئین کے آرٹیکل 62 اور 63 کے تحت انہیں بطور رکن سندھ اسمبلی نااہل قرار دیا جائے۔

متعلقہ عنوان :