وزیراعظم کے معاون خصوصی سید طارق فاطمی سے پاکستان میں ایران کے نئے نامزد سفیر مہدی ہنر دوست کی ملاقات

پیر 11 جنوری 2016 12:07

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔11 جنوری۔2016ء) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے خارجہ امور سید طارق فاطمی سے پاکستان میں ایران کے نئے نامزد سفیر مہدی ہنر دوست نے پیر کو وزارت خارجہ میں ملاقات کی ، وزیراعظم کے معاون خصوصی نے ایران کے نئے سفیر کا اسلام آباد تعیناتی پر خیر مقدم کرتے ہوئے انہیں نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی ، انہوں نے کہا کہ پاکستان ایران کیساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے ، انہوں نے پاکستان میں ان کی ذمہ داریوں کی انجام دہی کے سلسلے میں اپنی مکمل حمایت کا یقین دلایا ۔

(جاری ہے)

سید طارق فاطمی نے امید ظاہر کی کہ اسلام آباد میں ان کی تعیناتی کے عرصے کے دوران دونوں برادر ممالک کے درمیان تعلقات مزید مستحکم ہونگے اور دونوں ممالک دوطرفہ تعاون کے نئے راستے تلاش کرنے کیلئے کام جاری رکھیں گے۔ ایرانی سفیر نے پاکستانی حکومت کی جانب سے پرتپاک خیر مقدم پر سید طارق فاطمی سے تشکر کا اظہار کیا ، انہوں نے اس پختہ عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مثبت سمت میں آگے بڑھانے کیلئے کوششیں جاری رہیں گی، انہوں نے اس حوالے سے دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون، تجارت، سیاحت ، توانائی اور عوام کے عوام سے روابط کے فروغ کا ذکر کیا۔