پاک بھارت سیکرٹری خارجہ مذاکرات منسوخ ہونے سے متعلق متضاد اطلاعات

پیر 11 جنوری 2016 11:07

نئی دلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔11 جنوری۔2016ء ) بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان سیکرٹری خارجہ سطح کے مذاکرات منسوخ کر دیئے گئے ہیں جبکہ بھارت کے مشیر برائے قومی سلامتی امور اجیت دول نے پاک بھارت سیکرٹری خارجہ مذاکرات کی منسوخی سے متعلق خبروں کو بے بنیاد قرار دیا ہے ۔بھارتی اخبار ٹائمز آف انڈیا کے مطابق بھارت کے مشیر برائے قومی سلامتی امور اجیت دول نے اپنے ایک انٹر ویو میں کہا ہے کہ پٹھان کوٹ حملے میں ملوث دہشت گردوں کے خلاف کارروائی تک پاکستان کے ساتھ مذاکرات نہیں ہوں گے۔

دوسری جانب اجیت دول نے اپنے ایک بیان میں اس قسم کی خبروں کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ جہاں تک مجھے یاد ہے میں نے ایسا کوئی انٹرویو نہیں دیا جس میں پاک بھارت سیکرٹری خارجہ مذاکرات کی منسوخی کے حوالے کچھ کہا ہو۔

(جاری ہے)

بھارتی میڈیا پاک بھارت مذاکرات کے بارے میں کنفیوژن پھیلانے میں مصروف ہے۔ایک بھارتی اخبار نے قومی سلامتی کے مشیراجیت دوول کے حوالے سے خبر دی کہ بھارت نے 15 جنوری کو پاک بھارت سیکرٹری خارجہ مذاکرات منسوخ کردیئے ہیں۔

بعد میں اجیت دوول نے ایک خبر ایجنسی سے انٹرویومیں کہا کہ اخبار کو پاک بھارت مذاکرات منسوخی سے متعلق انٹرویو نہیں دیا، روزانہ صحافیوں سے بات کرتاہوں لیکن یاد نہیں کہ ایسا کوئی انٹرویو دیاہو۔ انہوں نے ایسا کوئی بھی بیان دینے کی سختی سے تردید کی۔اس سے پہلے ایک بھارتی خبر ایجنسی نے قومی سلامتی کے مشیر کا یہ ٹوئٹ لگایا کہ اب امن مذاکرات اْس وقت تک نہیں ہوں گے جب تک پاکستان پٹھانکوٹ کے دہشت گردوں کے خلاف کارروائی نہیں کرتا اور بھارت پاکستان کی کوششوں سے مطمئن نہیں ہوجاتا۔

ایک اور ٹوئٹ میں ان کا کہنا تھا کہ بھارت نے پاکستان کیساتھ 15جنوری کو ہونے والے ہند پاک خارجہ سیکریٹری مذاکرات منسوخ کردیئے ہیں۔تاہم بعد میں انہوں نے ان دونوں ٹوئٹ کی سختی سے تردید کردی۔واضح رہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان 15 جنوری کو سیکرٹری خارجہ سطح کے مذاکرات ہونے جا رہے ہیں جس میں دہشت گردی اور مسئلہ کشمیر سمیت تمام تصفیہ طلب امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :