پیپلز پارٹی کے دور میں بند کی جانیوالی تمام منافع بخش ٹرینوں کو مرحلہ وار بحال کرنے کیلئے محکمہ ریلوے کو فوری اقدامات کرنے کی ہدایت جاری کردی گئی ہے، وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق

اتوار 10 جنوری 2016 19:12

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 10جنوری۔2016ء) وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کے دور میں بند کی جانیوالی تمام منافع بخش ٹرینوں کو مرحلہ وار بحال کرنے کیلئے محکمہ ریلوے کو فوری اقدامات کرنے کی ہدایت جاری کردی گئی ہے خواجہ سعد رفیق نے اس سلسلہ میں پاکستان ریلوے کے تمام ڈویژنل سپرنٹنڈنٹس کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ اپنے اپنے ڈویژنز میں چلنے والی وہ ٹرینیں جو بند ہونے کے وقت نفع میں چل رہی تھیں ان کی مکمل تفصیلات وزارت ریلوے کو روانہ کریں ریلوے ذرائع کا کہنا ہے کہ ان ٹرینوں میں سرگودھا سے کراچی جانیوالی سپر ایکسپریس سر فہرست ہے جو اپنے آغاز سے بند ہونے تک نفع میں چلتی رہی ہے اسے ترجیح بنیادوں پر بحال کیا جارہا ہے اس کے علاوہ راولپنڈی سے خانپور جانیوالی روہی ایکسپریس کو بھی بحال کرنے کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں جبکہ بھمبھور ایکسپریس سمیت دیگر ٹرینوں کو بحال کرنے کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں ریلوے ذرائع کا کہنا ہے کہ اپریل کے نئے ٹائم ٹیبل میں سرگودھا سے کراچی جانیوالی سپر ایکسپریس کو شامل کیا جائیگا۔