فرانس میں پانچ سالہ بچے نے باپ کی جان بچالی

اتوار 10 جنوری 2016 17:21

پیرس ۔ 10 جنوری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔10 جنوری۔2016ء)فرانس کے دارالحکومت پیرس کے نواحی علاقے میں پانچ سالہ بچے نے باپ کی جان بچالی۔فرانسیسی میڈیا کے مطابق ڑان فرانسوا پنوٹ نامی شخص نے صحافیوں کو بتایا کہ بریٹینی کے مشرق میں واقع سینٹ پیئرے لا کو کی ایک سڑک پر انھوں نے رات کے وقت ایک بچے کو پاجامے میں سائکل چلاتے ہوئے دیکھا جبکہ موسم بہت خراب تھا ، بارش ہو رہی تھی اور تیز ہوا چل رہی تھی۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ مجھے حیرت ہوئی کہ آخر ایک بچہ اس وقت باہر اپنی سائکل پر کیا کر رہا ہے، اسے روک کر دریافت کیا تو اس نے کہا کہ وہ اپنی ماں کو ڈھونڈنے جا رہا ہے کیونکہ اس کا باپ مرگیا ہے اورماں کہیں کام کررہی ہے۔ اس لیے میں نے فوراً اس کی ذمہ داری لے لی۔ میں نے اپنی لائٹ ایک دوسری کار پر فلیش کی اور وہ فوراً رک گئی اور گاڑی میں موجود شخص نے ہم دونوں کی مدد کی۔پولیس اور ایمرجنسی سروسز نے بچے کیون جینے کی فراہم کردہ معلومات پر اس کے والد کی جگہ کا پتہ چلایا اور وہاں دیکھا کہ بچے کا باپ ابھی مرا نہیں تھا۔ انھوں نے فوری کارروائی کرکے اس کی جان بچائی۔ اب وہ ہسپتال میں صحت یاب ہو رہا ہے۔