آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ 27 جنوری سے شروع ہو گا

اتوار 10 جنوری 2016 15:59

آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ 27 جنوری سے شروع ہو گا

ڈھاکہ ۔ 10 جنوری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔10 جنوری۔2016ء) آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ 27 جنوری سے بنگلہ دیش میں شروع ہو گا۔ دنیائے کرکٹ کی 16 ٹیمیں عالمی ٹائٹل کے حصول کیلئے ایکشن میں دکھائی دیں گی، جنوبی افریقن ٹیم ٹائٹل کا دفاع کرے گی۔ جنوبی افریقہ نے 2014ء میں منعقدہ میگا ایونٹ کے فائنل میں پاکستان کو زیر کر کے عالمی چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔

آسٹریلوی ٹیم نے سیکیورٹی خدشات کے باعث میگا ایونٹ سے دستبرداری اختیار کر لی تھی جس کی وجہ سے آئرش ٹیم متبادل کے طور پر ایونٹ میں شریک ہو گی، فجی کی ٹیم کو پہلی بار عالمی ٹورنامنٹ میں شرکت کا اعزاز حاصل ہو گا۔ میگا ایونٹ میں شریک ٹیموں کو چار مختلف گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے، گروپ اے میں بنگلہ دیش، جنوبی افریقہ، نمیبیا اور سکاٹ لینڈ گروپ بی افغانستان، کینیڈا، پاکستان اور سری لنکا، گروپ سی میں انگلینڈ، فجی، ویسٹ انڈیز اور زمبابوے جبکہ گروپ ڈی میں بھارت، آئرلینڈ، نیپال اور نیوزی لینڈ شامل ہیں۔

(جاری ہے)

ایونٹ کے ابتدائی روز دو میچز کھیلے جائیں گے، افتتاحی میچ میں میزبان بنگلہ دیش اور جنوبی افریقہ کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی جبکہ دوسرا میچ انگلینڈ اور فجی کے درمیان کھیلا جائے گا۔ کوارٹر فائنلز 5، 6،7 اور 8 فروری، سیمی فائنلز 9 اور 11 فروری کو کھیلے جائیں گے جن کیلئے ریزرو ڈے بھی رکھے گئے ہیں۔ عالمی چیمپئن کا فیصلہ 14 فروری کو دو ٹاپ ٹیموں کے درمیان فائنل میں ہو گا۔