دوسرا ٹی ٹونٹی ، نیوزی لینڈ نے سری لنکا کو 9 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز اپنے نام کرلی

اتوار 10 جنوری 2016 11:12

دوسرا ٹی ٹونٹی ، نیوزی لینڈ نے سری لنکا کو 9 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز ..

آکلینڈ (اردو پوا ئنٹ تازہ ترین اخبار10جنوری- 2016ء) مارٹن گپٹل اور کولن منرو کی دھواں دھار بلے بازی کی بدولت نیوزی لینڈ نے دوسرے ٹی ٹونٹی میچ میں بھی سری لنکا کو 9 وکٹوں سے شکست دے کر میچ اور سیریز اپنے نام کرلی ہے ۔ نیوزی لینڈ کے ایڈن پارک آکلینڈ میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکا نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 142 رنز سکور کئے ۔

کپتان اینجلو میتھیوز نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 81 رنز ناٹ آؤٹ کی اننگ کھیلی جب کہ تجربہ کار اوپنر تلکارتنے دلشان نے بھی 28 رنز بنائے ۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے گرانٹ ایلیٹ نے 4 جب کہ ایڈم ملنے اور مچل سینٹنر نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ۔ سری لنکا کی جانب سے دیئے گئے ہدف کے تعاقب میں بلیک کیپس کی جانب سے مارٹن گپٹل اور کین ولیمسن نے اننگ کا آغاز کیا ۔

(جاری ہے)

گپٹل نے دھواں دھار بیٹنگ کرتے ہوئے 25 گیندوں پر 6 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 63 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی ، ان کے آؤٹ ہونے کے بعد کولن منرو نے طوفانی بلے بازی کرتے ہوئے 14 گیندوں پر ٹی ٹونٹی کی دوسری تیز ترین نصف سنچری سکور کر ڈالی ، منرو نے اپنی اننگ میں 7 چھکے اور ایک چوکا لگایا ۔ کین ولیم سن نے بھی 32 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے ، یوں نیوزی لینڈ نے 143 رنز کا ہدف صرف 1 وکٹ کے نقصان پر 10 اوورز میں پورا کر کے میچ میں کامیابی حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ 2 میچز پر مشتمل سیریز میں بھی سری لنکا کو کلین سویپ کر دیا ۔