بلوچستان میں کبھی بھی الیکشن نہیں ہوئے ہمیشہ سلیکشن ہوتی ہے ،صوبے کے عوام کو اونر شپ دی جانی چاہئیں، پاک چین اقتصادی راہداری پر ہمارے تحفظات دور نہ ہوئے تو احتجاج کرینگے، راہداری منصوبے کا فائدہ سارے صوبوں کو ہونا چاہیے ، پاکستان کا نام صرف وفاق نہیں بلکہ اس میں ساری اکائیاں شامل ہیں،ہم کئی باروفاق کے ہاتھوں ڈس چکے ہیں،بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ اختر مینگل کی نجی ٹی وی سے گفتگو

ہفتہ 9 جنوری 2016 23:25

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 9جنوری۔2016ء) بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ اختر مینگل نے کہا ہے کہ بلوچستان میں کبھی بھی صاف و شفاف الیکشن نہیں ہوئے ہمیشہ سلیکشن ہوتی ہے ،بلوچستان کی عوام کو اونر شپ دی جانی چاہئیں اگر پاک چین اقتصادی راہداری پر ہمارے تحفظات دور نہ ہوئے تو احتجاج کرینگے، راہداری منصوبے کا فائدہ سارے صوبوں کو ہونا چاہیے ، پاکستان کا نام صرف وفاق نہیں بلکہ اس میں ساری اکائیاں شامل ہیں ۔

وہ ہفتہ کو نجی ٹی وی سے گفتگو کر رہے تھے انہوں نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے سے متعلق خدشات ماضی کے تجربات کی بنیاد پر ہیں ۔ اقتصادی راہداری منصوبے پر کن کو آن بورڈ لیا گیا؟ انہوں نے کہا کہ ہمیں تمام مسائل کا حل متحد ہو کر نکالنا ہو گا ۔

(جاری ہے)

خیبر پختونخواہ کی عوام کا حق بجلی پر ہے جب کہ بلوچستان کی عوام کا حق گیس پر ہے ۔ صوبے کے لوگوں کو اونرشپ دی جانی چاہیے اور ان کے حق کو تسلیم کیا جانا چاہیے ۔

بلوچستان میں صرف گوادر کا ہی مسئلہ نہیں بلکہ یہاں کبھی گیس اور کبھی بجلی کا مسئلہ ہوتا ہے ۔ اختر مینگل نے کہا کہ ہم کئی بار وفاق کے ہاتھوں ڈسے جا چکے ہیں ۔ پاکستان کا نام صرف وفاق نہیں بلکہ اس میں تمام اکائیاں شامل ہیں اگر پاکستان کا نام صرف وفاق ہوا تو اس سے بہت نقصان ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ صوبے سے متعلق ہر قسم کے معاہدے پر وزیر اعلیٰ کے دستخط ہونے چاہیے اور پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کا فائدہ تمام صوبوں کو ہونا چاہیے ۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے حالات خراب کرنے والوں کو کبھی سزا نہیں دی گئی ۔ ہمارا وفاق سے مطالبہ ہے کہ صوبوں کو ان کے اختیارات منتقل کیے جائیں اگر ہمارے مطالبات پورے نہ کیے گئے تو جمہوری انداز میں احتجاج کرینگے ۔ بلوچستان میں مسلحہ جدوجہد سے اختلاف رکھتا ہوں ۔ ایک سوال کے جواب میں اختر مینگل نے کہا کہ ہم پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کے کسی بھی ایسے روٹ کی حمایت کرینگے جس سے بلوچستان کی عوام کو فائدہ ہوا۔