پاکستان اپنی سرزمین کسی ملک کیخلاف دہشتگردانہ کارروائیوں کیلئے استعمال نہیں ہونے دیگا‘ پٹھانکوٹ واقعہ پر تیزی سے شفاف انداز میں تحقیقات کی طرف بڑھ رہے ہیں ، تمام حقائق سامنے لائیں گے، تمام ریاستی ادارے دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے پر عزم ہیں

دہشتگرد وں کی پاک بھارت مذاکرات سبوتاژ کرنے کی کوششوں کے باوجود دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات جاری رہنے چاہئیں ، جان کیری کا زور

ہفتہ 9 جنوری 2016 22:38

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔09 جنوری۔2016ء) وزیر اعظم نوا زشریف نے ایک بار پھر اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ پاکستان اپنی سرزمین کسی ملک کیخلاف دہشتگردانہ کارروائیوں کیلئے استعمال کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دے گا‘ پٹھانکوٹ واقعہ پر تیزی سے شفاف انداز میں تحقیقات کی طرف بڑھ رہے ہیں اور اس حوالے سے تمام حقائق سامنے لائیں گے ،پاکستان کے تمام ریاستی ادارے دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے پر عزم ہیں اورعالمی برادری دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی کارروائیوں کا اعتراف کرتی ہے۔

وہ ہفتہ کو امریکی وزیر خارجہ جان کیری سے ٹیلیفونک گفتگو کر رہے تھے۔امریکی وزیر خارجہ نے وزیر اعظم کو فون کرکے ان سے دوطرفہ تعلقات سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا۔

(جاری ہے)

جان کیری نے قائدانہ صلاحیتوں اورمشکل حالات میں پاکستان کی صحیح سمت رہنمائی کرنے پر وزیراعظم نوازشریف کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ امریکی حکومت دہشت گردی کے خلاف جنگ میں موثر کارروائیو ں پر پاکستان کے کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ پاک بھارت مذاکرات کی مثبت سمت پیش رفت میں ہر ممکن مدد کرے گا۔ جان کیری نے کہا کہ ہم امید کرتے ہیں کہ دہشتگردوں کی جانب سے امن عمل کو سبوتاژ کرنے کی کوششوں کے باوجود بھارت پاکستان مذاکرات کا تسلسل جاری رہے گا اور علاقائی استحکام اور دونوں وزرائے اعظم کی طرف سے قائدانہ کردار خطے کے مفاد میں ہے اور بات چیت کے عمل کو جاری رہنا چاہیے۔

اس موقع پر وزیر اعظم نوا زشریف نے کہا کہ ہم پٹھانکوٹ واقعہ پر تیزی سے شفاف انداز میں تحقیقات کی طرف بڑھ رہے ہیں اور اس حوالے سے تمام حقائق سامنے لائیں گے۔ وزیر اعظم نے کہاکہ پاکستان اپنی سرزمین پر دہشتگردی کے خاتمے کیلئے پر امید ہیں اور تمام ریاستی اداروں کو مکمل طور پر دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔ وزیر اعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان اپنی سرزمین کسی دوسرے ملک کیخلاف دہشتگردانہ کارروائیوں کیلئے ہرگزاستعمال کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دے گا۔

اس موقع پر جان کیری نے پٹھانکوٹ دہشتگردی کے واقعہ میں حقیقت کو تلاش کرنے کیلئے وزیر اعظم کو اپنی حمایت اور تعاون کا یقین دلایا۔ امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ دہشت گرد پاک بھارت تعلقات پر سبوتاژ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں ، خطے کے استحکام کے لئے پاکستان اور بھارت کے درمیان مذاکرات ضروری ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پٹھانکوٹ حملے کے باوجود پاک بھارت مذاکرات جاری رہنے چاہیے