ڈینگی سرویلنس سٹاف کی کارکردگی کو مانیٹر کیا جائے ، فرائض سے غفلت برتنے والوں کے خلاف انضباطی کاروائی عمل میں لائی جائے، ڈینگی کو غیر سنجیدہ لینے والوں کو نتائج کا خمیازہ بھگتنا پڑے گا

صوبائی وزیر محنت و افرادی قوت راجہ اشفاق سرور کا اجلاس سے خطاب

ہفتہ 9 جنوری 2016 22:12

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔09 جنوری۔2016ء)پنجاب کے وزیر محنت و افرادی قوت راجہ اشفاق سرور نے کہا ہے کہ ڈینگی سرویلنس سٹاف کی کارکردگی روزانہ کی بنیاد پر مانیٹر کی جائے ․ فرائض سے غفلت , کوتاہی اور انسداد ڈینگی اقدامات کے اجلاسات سے غیر حاضر رہنے والے سرکاری محکموں اور دیگر اداروں کے نمائندوں کے خلاف انضباطی کاروائی عمل میں لائی جائے ․انہو ں نے کہا کہ ڈینگی کو غیر سنجیدہ لینے والوں کو نتائج کا خمیازہ بھگتنا پڑے گا․ اس لیئے ابھی سے ڈینگی پر قابو پانے کے اقدامات میں کوئی کمی نہ آنے دی جائے تاکہ موسم سرما کے دوران مسائل کا سامنا نہ کرنا پڑے ․ انہوں نے یہ بات راولپنڈی میں انسداد ڈینگی جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی ․ اجلاس میں ڈی سی او راولپنڈی ساجد ظفر ڈال, رکن قومی اسمبلی اسفن یار بھنڈارہ, پارلیمانی سیکرٹری چوہدری سرفراز افضل , سردار محمد نسیم, راجہ حنیف ایڈوکیٹ ایم پی اے , ڈاکٹر جمال ناصر, زیب النساء اعوان ایم پی اے , ضیا ء اﷲ شاہ, حاجی عمر فاروق, راجہ ظفر اقبال, شوکت جنجوعہ, اے ڈی سی جی عمران قریشی, اسسٹنٹ کمشنرز اور سرکاری محکموں کے افسران نے شرکت کی ․ راجہ اشفاق سرور نے کہا کہ سردی کے موسم کے باوجود ڈینگی لاروا کی برآمدگی اور ڈینگی مریضوں کا رپورٹ ہونا لمحہ فکریہ ہے اور تمام محکموں کے متعلقہ افسران اور نمائندے آئیندہ سیزن سے قبل ڈینگی سے نمٹنے کے لیئے ہر قسم کی تیاریاں مکمل کر یں ․ انہوں نے کہا کہ تھوڑی سے غفلت , کوتاہی یا سستی ڈینگی کے پھیلنے کا باعث بن سکتی ہے ․ اس لیئے تمام متعلقہ ادارے ایک ٹیم ورک کی طرح ڈینگی پر قابو پانے کے اقدامات اٹھائیں ․ انہوں نے کہا کہ جوائنٹ پلان مرتب کرنے کے لیئے ڈینگی کا آئیندہ اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہو گا ․ جس میں سی ڈی اے کے حکام, راولپنڈی و چکلالہ کنٹونمنٹ بورڈز , انتظامیہ اور صوبائی محکموں کے افسران شریک ہوں گے ․ اور انسداد ڈینگی سے متعلق امو رکا تفصیلی جائزہ لے کر مشترکہ حکمت عملی وضع کی جائے گی․ اجلاس کے دوران ڈاکٹر جمال ناصر کی سربراہی میں تشکیل دی گئی کمیٹی نے راولپنڈی میں موسم سرما کے دوران رپورٹ ہونے والے ڈینگی کیس کے بارے میں رپورٹ پیش کی ․ اس موقع پر ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا کہ کنٹونمنٹ بورڈ راولپنڈی کے علاقے میں انہو ں نے اے سی کینٹ , ای ڈی او ہیلتھ اور دیگر ممبران کے ہمراہ دورہ کیا اور علاقے میں گندگی کے ڈھیر , سیوریج کے پانی کی نکاسی کا انتظام نہ ہونے , ڈینگی سرویلنس مناسب انداز میں نہ ہونے اور لاروا بریڈنگ سپاٹس کی نشاندہی کی ․ انہو ں نے متاثرہ گھر کے ارد گرد فوگنگ اور علاقے میں کارپٹ فوگنگ کی بھی نشاندہی کی ․ راجہ اشفاق سرور نے ہدایت کی کہ ڈینگی کے بارے میں کسی قسم کی غیر معمولی صورتحال کی فوری چھان بین اور مناسب اقدامات کے لیئے ڈاکٹر جمال ناصر کی سربراہی میں تشکیل دی گئی کمیٹی کو مستقل طور پر فنکشنل رکھا جائے ․ ڈی سی او ساجد ظفر ڈال نے کہا کہ ڈینگی سرویلنس ہاٹ سپاٹس پر کاروائی کے لیئے تمام محکمے پوری ذمہ داری کے ساتھ کام کریں تاکہ بعد میں مسائل کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔