بنگلہ دیش میں انسانی حقوق کی دھجیاں بکھیری جارہی ہیں، محمد اسلام

ہفتہ 9 جنوری 2016 21:42

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔09 جنوری۔2016ء) جماعت اسلامی ضلع بن قاسم کے امیر محمد اسلام نے بنگلہ دیش میں بھارتی حکومت کی ایماء پر جماعت اسلامی کے رہنماؤں کو پھانسیوں کی سزا اور سیاسی قتل عام پر سخت احتجاج کرتے ہوئے اسے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے جماعت اسلامی کے ساتھ بنگلہ دیش کا متعصبانہ رویہ قرار دیا۔

محمد اسلام نے کہا کہ اقوام متحدہ اور حکومت پاکستان بنگلہ دیش حکومت کو انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے روکے۔

(جاری ہے)

1971؁ء میں متحدہ پاکستان کی سلامتی کیلئے جماعت اسلامی نے اپنا کردار ادا کیا تھا۔ حسینہ واجد حکومت کی جانب سے معصوم اور بے گناہ لوگوں کو پھانسی پر لٹکایا جارہا ہے۔ اور سینکڑوں افراد کو جیلوں میں ڈال دیا گیا ہے۔ اور بنگلہ دیش حکومت نے انسانی حقوق، قوانین، اخلاقیات اور معاشرتی اقدار کی دھجیاں بکھیر دی ہیں اور آزادی رائے کو ختم کردیا گیا ہے۔

محمد اسلام نے کہا کہ جماعت اسلامی بنگلہ دیش کے رہنماؤں کو پاکستان سے وفاداری کی سزا دی جارہی ہے اور بھارت کی خوشنودی کیلئے حسینہ واجد بنگلہ دیش کو سیکولر اور لادینی ریاست بنانا چاہتی ہے۔ جس کے انتہائی خطرناک نتائج برآمد ہوں گے۔

متعلقہ عنوان :