پٹھان کوٹ حملے بارے پاکستان اور بھارت کی حکومتیں رابطے میں ہیں ، معاملے پر پیش رفت ہو رہی ہے،اعزاز احمد چوہدری

سعودی عرب کی علاقائی سالمیت کو خطرہ ہوا تو پاکستان اس کے ساتھ ہو گا ، ایران کے ساتھ بھی ہمارے دیرینہ تعلقات ہیں ، پاکستان دونوں ممالک کا خیر خواہ ہے، سیکرٹری خارجہ

ہفتہ 9 جنوری 2016 21:40

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔09 جنوری۔2016ء) سیکرٹری خارجہ اعزاز احمد چوہدری نے کہا ہے کہ پٹھان کوٹ حملے بارے پاکستان اور بھارت کی حکومتیں رابطے میں ہیں ، معاملے پر پیش رفت ہو رہی ہے سعودی عرب کی علاقائی سالمیت کو خطرہ ہوا تو پاکستان اس کے ساتھ ہو گا ، ایران کے ساتھ بھی ہمارے دیرینہ تعلقات ہیں ، پاکستان دونوں ممالک کا خیر خواہ ہے، افغان مفاہمتی عمل میں سہولت کار کا کردار ادا کرینگے ۔

ہفتہ کی شب نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے سیکرٹری خارجہ اعزاز احمد چوہدری نے کہا کہ پٹھان کوٹ حملے کے حوالے سے پاکستان اور بھارت کی حکومتیں آپس میں رابطے میں ہیں اور اس معاملے پر پیش رفت ہو رہی ہے تعلقات کو بگڑنے نہیں دینگے۔ بھارت نے جو معلومات دی ہیں اس پر سیکیورٹی ادارے کام کر رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ افغانستان میں امن پاکستان کیلئے بہت ضروری ہے افغان مفاہمتی عمل میں سہولت کار کے طور پر کام کرینگے ۔

ایک سوال کے جواب میں سیکرٹری خارجہ نے کہا کہ سعودی عرب کی علاقائی سالمیت کو خطرہ ہوا تو پاکستان اس کے ساتھ ہو گا انہوں نے کہا کہ ایران کے ساتھ بھی ہمارے دیرینہ تعلقات ہیں اور پاکستان دونوں ممالک کا خیر خواہ ہے ۔ اعزاز چوہدری نے کہا کہ سعودی عرب کا اتحاد دہشتگردی کیخلاف ہے اور دہشتگردی کیخلاف جتنی کارروائیاں ہونگی ہم انکی حمایت کرینگے ۔