پی آئی اے نے فیصل آباد سے جدہ کیلئے براہ راست پروازوں کا آغاز کر دیا

پہلی براہِ راست ہفتہ وار پرواز کے ذریعے 150 سے زائد مسافر جدہ کیلئے روانہ

ہفتہ 9 جنوری 2016 21:28

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔09 جنوری۔2016ء) قومی فضائی کمپنی پی آئی اے کی جانب سے پروازوں کے دائرہ کار کو وسعت دینے کا سلسلہ جاری ہے۔ منافع بخش روٹس پر نئی پروازیں اور بعض مقامات کیلئے پروازوں کی تعداد میں اضافہ کیا جا رہاہے۔ترجمان پی آئی اے کے مطابق پی آئی اے کی بحالی کے اقدامات اور منافع بخش ادارے میں بہتری لانے کیلئے وزیر اعظم پاکستان اور انْکے معاونِ خصوصی کے احکامات کو مد نظر رکھتے ہوئے مسافروں کی سہولیات میں ہر ممکن اضافہ کیا جا رہا ہے۔

اس سلسلے میں قومی ائر لائن نے سعودی عرب میں مقیم فیصل آباد اور گردو نواح کے لوگوں کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے فیصل آباد سے براہِ راست پروازوں کا آغاز کر دیا ہے۔پہلی براہِ راست ہفتہ وار پرواز کے ذریعے 150 سے زائد مسافر جدہ کیلئے روانہ ہوئے۔

(جاری ہے)

فیصل آباد کے ہوائی اڈے پی آئی اے کے جنرل مینیجر سپیڈیکس عمر دراز ، ڈسٹرکٹ مینیجر قیصر اقبال اور سٹیشن مینیجر اشفاق اعوان نے افتتاحی پرواز کے مسافروں کو الوداع کیا۔

ایئر پورٹ پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عمر دراز نے کہا کہ پی آئی اے بحالی کے سفر کی جانب تیزی سے گامزن ہے اور جدہ کیلئے براہِ راست پروازوں کا آغاز اسی سلسلے کی کڑی ہے، انہوں نے بتایا کہ اس سے پہلے 22دسمبر سے مدینہ منورہ کیلئے بھی براہِ راست پروازوں کا آغاز کیا جا چکا ہے اور خلیجی ممالک کیلئے بھی فیصل آباد سے براہِ راست پروازیں شروع کرنے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔مسافروں اور کریو کو پی آئی اے کے ڈسٹرکٹ مینیجر قیصر اقبال اور سٹیشن مینیجر اشفاق اعوان نے پھول پیش کئے۔

متعلقہ عنوان :