عصر حاضر کے بحری چیلنجز سے نمٹنے کے لئے پاک چین کے بحری افواج کے درمیان تعاون کا متقاضی ہے

کمانڈر پاکستان فلیٹ وائس ایڈمرل سید عارف اللہ حسینی

ہفتہ 9 جنوری 2016 21:09

کراچی ۔ 9 جنوری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔09 جنوری۔2016ء) پیپلز لبریشن آرمی (نیوی)کے بحری جہازوں QINGHAIHU, LIUZHOUاور SANYAپر مشتمل چینی بحریہ کا نیول ٹاسک گروپ پاکستان نیوی اور چینی بحریہ کے مابین ہونے والی تیسری دو طرفہ بحری مشق میں حصہ لینے کے لئے ان دنوں پاکستان کے دورے پر ہے۔ چینی بحری جہازوں کی 7جنوری کو کراچی آمد پر ان کا گرمجوشی سے خیر مقدم کیا گیا۔

ہفتہ کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل محمد ذکاء اللہ نے 8 جنوری کو PLA(NAVY)کے جہازوں کا دورہ کیا۔ اس ضمن میں پاکستان نیوی فلیٹ ہیڈکوارٹرز کراچی میں ہفتہ کو ایک مشترکہ پریس بریفنگ کا اہتمام کیا گیا۔ کمانڈر پاکستان فلیٹ وائس ایڈمرل سید عارف اللہ حسینی اور چائنا نیول ٹاسک فورس گروپ کے کمانڈر رئیر ایڈمرل یومان جیانگ نے بریفنگ کی مشترکہ صدارت کی۔

(جاری ہے)

میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کمانڈر پاکستان فلیٹ نے دونوں ممالک کے گہرے دوستانہ روابط اور بڑھتے ہوئے اقتصادی اور فوجی تعاون پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے بتایا کہ دونوں ملکوں کے دوستانہ تعلقات حالات کے اتار چڑھاؤ سے بالا تر ہیں اور ان کے درمیان بحری تعاون بشمول سینئر نیو ل قیادت کے دوطرفہ دورے، بحری جہازوں اور آبدوزوں کی مشترکہ تعمیر، چینی بحریہ کی مشق امن میں باقاعدہ شرکت، سالانہ مشترکہ بحری مشق اور دوطرفہ مشقوں کی ایک طویل تاریخ موجود ہے۔

انہوں نے کہا کہ حال ہی میں پاک بحریہ کے دو جہازوں نے 28 دسمبر 2015ء تا 3 جنوری 2016ء چین کے شہر شنگھائی کا دورہ کیا اور اس دوران دوسری دوطرفہ مشق میں حصہ لیا جو دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید بہتر بنانے کی خواہش کا واضح ثبوت ہے۔ عصر حاضر کا بحری ماحول پیچیدہ غیر روایتی چیلنجز سے نمٹنے کے لئے دونوں بحری افواج کے درمیان تعاون کا متقاضی ہے۔

پاکستان نیوی اور چینی بحریہ کے درمیان طویل عرصے سے تعاون جاری ہے تاہم بحری مشقوں کا حالیہ سلسلہ جس میں بحری جہاز، ہوائی جہاز اور اسپشل فورسز بھی شامل ہیں ہمہ جہتی آپریشنز کے حوالے سے منفرد ہے، مشقوں کا مقصد باہمی تعاون کو مزید فروغ دینا، مشترکہ آپریشنز کی صلاحیت میں اضافہ کرنا اور تکنیکی مہارت کو بہتر بنانا ہے ۔ پاکستان اور چینی بحریہ کے درمیان جاری تیسری مشق ہاربر اور سمندری فیز پر مبنی ہے۔

ہاربر فیز پاکستان نیوی کے سینئر افسران اورکمانڈر چائنیز نیول ٹاسک گروپ کے درمیان رسمی ملاقاتوں، پیشہ ورانہ سیمینارز اور باہمی دوروں /مشقوں پر مشتمل ہے۔ سی فیز میں بحری جہازوں، ہیلی کاپٹرز، میری ٹائم پیٹرول کرافٹ، لڑاکا ہوائی جہاز اور اسپیشل فورسز کے تمام بحری آپریشنز شامل ہیں۔ چائنیز ایڈمرل نے پرتپاک خیر مقدم اور روایتی مہمان نوازی پر پاک بحریہ کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ مشق دونو ں ممالک کے درمیان مضبوط تعلقات کی عکاس اور مشترکہ مفادات کی مظہر ہے جو خطے کی بحری سلامتی اور استحکام کے حوالے سے دو ر رس نتائج کے حامل ہونگے۔

متعلقہ عنوان :