اقتصادی راہداری کو اصل نقشہ کے مطابق نہ بنایا گیا تو اس کا حشر بھی کالا باغ ڈیم جیسا ہوگا، حافظ حسین احمد

کوئی الٹا لٹک جائے مسلمانوں کے خلاف مظالم اور ان کے وسائل کو لوٹنے کے خلاف جہاد تا قیامت جاری رہے گا، جے یو آئی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات کا حضرو میں سیرة سید البشر کانفرنس سے خطاب

ہفتہ 9 جنوری 2016 21:03

اٹک /حضرو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔09 جنوری۔2016ء) جمعیت علمائے اسلام (ف) کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات حافظ حسین احمدنے کہا ہے کہ انتہا پسند مسلمان نہیں غیر مسلم ہیں جو ہمارے نبی کریم ﷺ اور قرآن کو نہیں مانتے جبکہ ہم ان کے نبی اور کتاب پر ایمان رکھتے ہیں، نبی کریم ﷺ صرف رحمت مسلمانوں کیلئے ہی نہیں بلکہ پوری انسانیت کیلئے ہیں ، اقتصادی راہداری کو اصل نقشہ کے مطابق نہ بنایا گیا تو اس کا حشر بھی کالا باغ ڈیم جیسا ہوگا، سعودیہ ایران کشیدہ تعلقات کے پیچھے امریکہ اور یہودی لابی کارفرما ہے جس کا مقصدشام میں پوری دنیا کے ذخائر سے زیادہ تیل گیس ذخائر پر قبضہ کر نا ہے ، اللہ بیڑہ غرق کرے ان مسلم حکمرانوں کا جو امت مسلمہ کی بجائے غیر مسلموں کیلئے آسانیاں پیدا کرتے ہیں،کوئی الٹا لٹک جائے مسلمانوں کے خلاف مظالم اور ان کے وسائل کو لوٹنے کے خلاف جہاد تا قیامت جاری رہے گا، مسائل وسائل کے ہونے سے پیدا ہورہے ہیں، وہ سینئر صحافی نثار علی خان کی دعوت پر شاہڈھیر میں سیرة سید البشر کانفرنس اور حفاظ کرام کی دستار بندی کی پروقار تقریب سے خصوصی خطاب کررہے تھے جس کا اہتمام مہتمم مدرسہ مولانا محمد زبیر نے کیا تھا جبکہ صدارت شیخ الحدیث مولانا ظہور الحق نے کی، جمعیت علمائے اسلام سندھ کے رہنما آغا محمد ایوب، مولانا محمد امتیاز خان، مولانا عبدالغفارخان،قاری چن محمد، مولانا عبدالخالق ، ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات پنجاب قاری محمد ابراہیم، مولانا محمد یعقوب ، مولانا محمد الیاس، مولانا محمد نعیم ، محمد عمران خان، حافظ عزیر عاصم، قاسم وردگ ، جے یو آئی کے عہدیداران و کارکنان ، حفاظ کرام، طلبہ سمیت عوام کی کثیر تعداد موجود تھی، حافظ حسین احمد، آغا محمد ایوب ، مولانا محمد زبیر نے اس موقع پر مدرسہ امام ابو حنیفہ  کے حفاظ کرام کی دستار بندی کی ، جے یو آئی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ اللہ تعالیٰ نے قرآن مجید کی حفاظت کا ذمہ خود اپنے ذمہ لیا ہے جبکہ اس وقت دیگر مذاہب کے پاس اصلی حالت میں آسمانی کتب کا ایک نسخہ بھی موجود نہیں ہے اور جو موجود ہیں ہر جگہ اپنی اپنی مرضی کے مطابق تحریف کی گئی تاکہ ان مذاہب سے کوئی نبی کریم ﷺ پر ایمان نہ لائے، قبل ازیں حافظ حسین احمد نے چھچھ نیوز نیٹ ورک کے چیف ایگزیکٹو نثار علی خان کے ہمراہ جنرل کونسلر حاجی احسان خان نمبردار سے ان کی چچی اور شعیب نواز خان کی والدہ کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا۔

متعلقہ عنوان :