سرگودھا ، 2015کے دوران مجموعی طور پر جرائم میں50فی صد کمی ریکارڈ

2747مجرمان اشتہاری گرفتار ہوئے،498 کلوگرام ہیروئن،366کلوگرام چرس ،85کلو گرام افیون،45767لیٹر شراب،50چالو بھٹیاں برآمد ،ڈی پی او کیپٹن(ر) سجاد حسن خان کی بریفنگ

ہفتہ 9 جنوری 2016 18:45

سرگودھا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔09 جنوری۔2016ء)ڈی پی او کیپٹن(ر) سجاد حسن خان منج کی ارکان قومی وصوبائی اسمبلی سے ملاقات سال2015میں جرائم کے حوالہ سے بریفنگ دی۔ ڈی پی او سرگودھا نے ارکان قومی وصوبائی اسمبلی کو سال 2015کے جرائم کا سال2014سے تقابلی جائزہ کرتے ہوئے بتایا کہ سرگودھا میں سال2015کے دوران مجموعی طور پر جرائم میں50فی صد کمی ہوئی مجرمان اشتہاریوں ، منشیات فروشوں ، ناجائز اسلحہ/نمائش اسلحہ پر نیشنل ایکشن پلان کی روشنی میں کریک ڈاوٴن جاری رہا۔

کل2747مجرمان اشتہاری گرفتار ہوئے498 کلوگرام ہیروئن،366کلوگرام چرس ،85کلو گرام افیون،45767لیٹر شراب،50چالو بھٹیاں برآمد کیں نیزناجائز اسلحہ اورنمائش اسلحہ میں 1099مقدمات درج ہوئے 91کلاشنکوف،2ہینڈ گرنیڈ ،278 رائفلیں،575 بندوقیں ،83ریوالور،9کاربین ، 1136پسٹل اور76380 کارتوس /گولیاں بھی برآمدکرکے مقدمات درج کیے گئے ۔

(جاری ہے)

ان اقدمات کی وجہ سے جرائم میں کافی حد تک کمی ہوئی ۔

مویشی چوری کی روک تھام کے لیے ضلع بھر میں 12ناکہ جات لگائے گئے ہیں اور انٹرچینجز کے ناکہ جات الگ ہیں ہر ناکہ پر ایک اسٹنٹ سب انسپکٹر اور 4کانسٹیبلان کو تعینات کیا گیا ہے جن کو خصوصی طور پر ہدایت کی گئی ہے کہ بالخصوص رات کے وقت مویشیوں کی نقل وحرکت نہ ہو اور دن کے وقت بھی بغیر تصدیق کے مویشیوں والی گاڑیوں کو نہ جانے دیا جائے ۔ رسہ گیروں اور جرائم کے سہولت کاروں کے خلاف کریک ڈاوٴن شروع کر دیا گیا ہے کیونکہ یہ ناسور ہی جرائم میں اضافہ کا سبب بنتے ہیں ۔

ان کی پشت پناہی کی وجہ سے مجرمان وارداتیں کرتے ہیں جب ان کے گرد گھیرا تنگ ہو گا تو یہ وارداتیں کرنا چھوڑ دیں گے ۔ میٹنگ میں ارکان قومی اسمبلی میں پیر امین الحسنات شاہ، حامد حمید ، محسن شاہ نواز رانجھا، ڈاکٹر ذوالفقار بھٹی اور منور غوث ایم پی اے کے علاوہ ایس ڈی پی اوز نے بھی شرکت کی ۔ ڈی پی او سرگودھا نے تما م ایس ڈی پی اوز کو ہدایت کی کہ اپنے علاقہ کے ارکان اسمبلی سے رابطہ میں رہیں اور آپ کے ایس ایچ اوز بھی اس بات کو یقینی بنائیں تاکہ کوئی غلط فہمی پیدا نہ ہو ۔

ارکان اسمبلی کو عوام نے مینڈیٹ دیا ہے آپ اس مینڈیٹ کو مد نظر رکھتے ہوئے جس کام کے سلسلہ میں یہ آپ یا ایس ایچ اوز سے رابطہ کریں تو انصاف کے تقاضوں کو ملحوظ رکھتے ہوئے ان کا کام کریں ۔ڈ ی پی اوسرگودھا نے ارکان اسمبلی کو بتایا کہ آپ جو بھی کام کسی ایس ڈی پی او یا ایس ایچ او کے ذمہ لگائیں آئندہ اس کی فیڈ بیک کے لیے آپ میرے پی آر او انسپکٹر خطیب الرحمن سے رابطہ میں رہیں ۔ آخر پر ڈی پی او سرگودھا نے تمام ارکان اسمبلی کا میٹنگ میں شرکت کرنے پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ آئندہ ہر ماہ آپ کے ساتھ میٹنگ کا سلسلہ جاری رہے گا۔