وہاڑی میں تین روزہ انسداد پولیو مہم کا آغاز ہوگیا، چار لاکھ 99 ہزار 722 بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائینگے

ہفتہ 9 جنوری 2016 18:15

وہاڑی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔09 جنوری۔2016ء) ضلع وہاڑی میں 4لاکھ99ہزار722پانچ سال تک کی عمرکے بچوں کو انسداد پولیو ویکسین کے قطرے پلانے کے لیے تین روزہ مہم کا آغاز کر دیا گیاٹی ایم اے وہاڑی میں ڈی سی او ناصر جمال ہوتیانہ نے بچوں کو پولیو ویکسین کے قطرے پلا کر مہم کا افتتاح کیا اس موقع پر ای ڈی او ہیلتھ ڈاکٹر افضل بشیر ، ڈی ڈی او ہیلتھ ڈاکٹر خالد جاوید، سپرنٹنڈنٹ ویکسینیشن اظہر بٹ ، ٹی ایم او میاں اظہر جاوید ، ٹی او آر راؤ نعیم خالد بھی موجود تھے ڈی سی او وہاڑی ناصر جمال ہوتیانہ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ والدین اپنے بچوں کو پولیو جیسے مہلک مرض سے محفوظ رکھنے کے لیے انسداد پولیو ویکسین کے قطرے بچوں کو لازمی پلائیں انہوں نے کہا کہ ایک صحت مند معاشرہ ہم سب کی ضرورت ہے اس لیے بچوں کو بیماریوں سے محفوظ رکھنے کے لیے انہیں انسدادی ٹیکے لگوانا یا ویکسین پلوانا بھی ہماری ذمہ داری ہے انہوں نے کہا کہ حکومت کا کام سہولیات فراہم کرنا ہے لیکن ان سہولیات سے استفادہ کرناعوام کی ذمہ داری ہے حکومت مہنگی انسداد پولیو ویکسین عوام کو مفت فراہم کررہی ہے لیکن بعض لوگوں کے منفی پروپیگنڈا سے متاثر ہو کر بعض افراد اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے نہیں پلواتے جس کی وجہ سے ان کے بچوں میں پائے جانے والے پولیو کا وائرس نہ صرف ان بچوں کی معذوری کا سبب بنتا ہے بلکہ ان بچوں سے یہ وائرس دیگر صحت مند بچوں میں منتقل ہونے سے دیگر بچے بھی اس موذی مرض کا شکار ہو جاتے ہیں انہوں نے کہا کہ خدا تعالی کے فضل و کرم سے ہمارا ضلع پولیو کے مرض سے محفوظ ہے لیکن اس کا یہ مطلب ہر گز نہیں کہ ہم اپنے بچوں کو حفاظتی ویکسین نہ پلائیں ہمیں اس مرض کے مکمل خاتمہ تک اپنے بچوں کی حفاظت کے لیے یہ قطرے پلانا ہیں یہ مہم 13جنوری تک جاری رہیگی اس مہم کے دوران کل1282ٹیمیں بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کا فریضہ انجام دیں گی اس موقع پر ٹی ایم اے سے ایک آگہی واک کی گئی جو گول چوک سے ہوتی ہوئی ٹی ایم اے پر اختتام پذیر ہوئی واک کے شرکاء نے بینر اور کتبے اٹھا رکھے تھے واک میں محکمہ صحت کے عملہ ، سول سوسائٹی کے لوگوں نے شرکت کی ۔

متعلقہ عنوان :