صوبائی حکومت تبدیلی کے نعرے کو حقیقت میں بدلنے کیلئے نظام کو درست کرنے پر عمل پیرا ہے ،پرویزخٹک

ہم نے صحت، تعلیم، پولیس، پٹوار سسٹم کو درست سمت میں آگے لے جانے کیلئے موثر اقدامات کئے ہیں پانی کے ضیاع کو روکنے کیلئے نہروں کو پکا کیا جا رہا ہے ،ٹیوب ویلوں پر سولر سسٹم بھی نصب کئے جارہے ہیں،وزیراعلی خیبرپختونخوا

ہفتہ 9 جنوری 2016 18:12

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔09 جنوری۔2016ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی صوبائی حکومت تبدیلی کے نعرے کو حقیقت میں بدلنے کیلئے نظام کو درست کرنے پر عمل پیرا ہے جس کا مقصد عام آدمی کو وہی سہولیات فراہم کرنا ہے جو اس ملک کے طاقتور طبقوں کو حاصل ہیں اور غریب و کمزور طبقے ان کیلئے ترس رہے ہیں یہی وجہ ہے کہ صوبائی حکومت عام آدمی کی بہتری کیلئے زندگی کے ہر شعبے میں بہتری لارہی ہے اور پاکستان تحریک انصاف نے تبدیلی کا جو نعرہ لگایا تھا اس پر عمل کرکے ہم نے صحت، تعلیم، پولیس، پٹوار سسٹم کو درست سمت میں آگے لے جانے کیلئے موثر اقدامات کئے ہیں جبکہ بیروزگاری کے مکمل خاتمے اور معاشی ترقی کی خاطر صوبے میں صنعتیں لگار ہے ہیں صوبے کے وزیراعلیٰ کی حیثیت سے عوام کی ترقی و خوشحالی کی خاطر اس طرح کے اقدامات کرنا ان کے اولین فرائض میں شامل ہے اس لئے وہ آرام سے نہیں بیٹھے ہیں بلکہ دن رات اس نظام کو درست کرنے کیلئے اپنی کوششوں میں لگے ہیں یہی وجہ ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کا گراف روز بروز اُوپر جارہا ہے اور لوگ اس میں شامل ہورہے ہیں ان خیالا ت کا اظہار اُنہوں نے ضاخیل بالا کے مقام پر ایک شمولیتی جلسے سے خطاب کے دوران کیا ا س موقع پر صوبائی وزیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن میاں جمشید الدین کاکاخیل،ایم پی اے ارباب جہانداد خان ، ادریس خٹک، ضلع ناظم لیاقت خٹک، نائب ضلع ناظم نوشہرہ اشفاق خٹک تحصیل ناظم رضا اﷲ خان، تحصیل نائب ناظم زر عالم خان،تحصیل کونسلر شاہ سعود ،ممبر ضلع کونسل حسین احمد خٹک و دیگر مقامی رہنما بھی موجود تھے جلسے میں یونین کونسل اضاخیل بالا کے ویلج کونسل تھری کے نائب ناظم میر افضل خان، کونسلر ز تحسین اﷲ، محمد وسیم ، عاطف اقبال و دیگر شخصیات نے اپنے حامیوں اور خاندانوں سمیت مسلم لیگ ن اور اے این پی سے سے مستعفی ہو کر پاکستان تحریک انصاف میں باضابطہ طور پر شمولیت کا اعلان کیا وزیراعلیٰ نے اس موقع پر علاقے کیلئے شروع کئے گئے ترقیاتی منصوبوں کا ذکر کرتے ہوئے کہاکہ علاقے کیلئے ہائیر سیکنڈری سکول کی تعمیر پر کام جاری ہے جبکہ تالاؤ کے مقام پر ایک رورل ہیلتھ سنٹر کے قیام کی منظوری بھی ہو چکی ہے انہوں نے کہاکہ علاقے میں واقع ندی کے پانی سے نشیبی علاقوں کو سیلاب کے خطرات سے بچانے کی غرض سے ایک منصوبے کیلئے 18 کروڑروپے منظور ہو چکے ہیں اور اس پر تعمیراتی کام بھی جلد شروع ہو جائے گا جبکہ متعلقہ علاقے میں سڑکوں،کوچہ جات، نالیوں کے تمام کام موجودہ دور حکومت ہی میں مکمل کئے جائیں گے انہوں نے کہاکہ بجلی کے کھمبوں کی تنصیب اور دیگر مسائل آئندہ دو تین مہینوں میں ہی حل کئے جائیں گے اور گیس فراہمی کیلئے رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عمران خٹک کوشش کر رہے ہیں کیونکہ یہ مسئلہ وفاقی حکومت سے وابستہ ہے وزیراعلیٰ نے کہاکہ پانی کے ضیاع کو روکنے کیلئے نہروں کو پکا کیا جا رہا ہے جبکہ ٹیوب ویلوں پر سولر سسٹم بھی نصب کئے جارہے ہیں وزیراعلیٰ نے اس موقع پرحکومت کی مجموعی کارکردگی کا ذکر کرتے ہوئے کہاکہ ہم نے تبدیلی کے نعرے کو حقیقت کا روپ دینے کی غرض سے گزشتہ ڈھائی سال میں قانون سازی اور اداروں میں اصلاحات لانے کیلئے صبح و شام کوشش کی تاکہ چور و لیٹروں سے عوام کو نجات دلا ئیں وزیراعلیٰ نے کہا کہ اس ضمن میں ہم نے پولیس نظام کو عوام دوست بنانے کیلئے اس میں کافی کامیاب اصلاحات کی ہیں اور اب تھانوں میں غریب کے ساتھ بھی وہی رویہ اختیار کیا جائے گا جو طاقتور کیلئے ہو اور اس سے مداخلت بھی ختم کی ہے مگر غلط FIR ، رشوت اور ڈرانا دھمکانا بالکل نہیں مانتا پولیس کو سارے اختیارات دیئے ہیں اور اگرکسی بھی جگہ سے یہ شکایت آئی کہ پولیس نے اپنا رویہ تبدیل نہیں کیا تو پھر میں یہ اختیارات واپس بھی لے سکتا ہوں اسی طرح سکولوں کے نتائج اساتذہ کی ترقیوں سے مشروط کئے ہیں اور اگر اُن کی کارکردگی صحیح نہ ہوئی ہو تو ان کو گھر بھیجا جائے گا اور اس سلسلے میں غیر حاضر ی پر اب تک 1400 سے زائد اساتذہ کو گھر بھیجا جا چکا ہے وزیراعلیٰ نے کہا کہ اسی طرح صحت اور دیگرخدماتی شعبوں میں عوام کیلئے بہتر سہولیات کی فراہمی کیلئے نمایاں اصلاحات اور اقدامات کئے گئے ہیں جن سے مستقبل قریب میں واضح تبدیلی نظر آئے گی وزیراعلیٰ نے کہاکہ ہمیں بڑی فکر اس ملک کے نوجوان طبقے کی ہے کہ ان نوجوانوں کو مستقل طور پر سفارشی کلچر سے چھٹکارا مل جائے جس کا بیڑہ عمران خان نے اُٹھا یا ہے اور ان کا عوام کیلئے یہی پیغام ہے کہ اپنے حقوق کیلئے اُٹھ کھڑے ہوں انہوں نے کہاکہ حکومت کے ساتھ ساتھ عوام کا بھی یہ فرض بنتا ہے کہ وہ ترقیاتی منصوبوں اور صحت و تعلیم کے مراکز، پٹوارخانوں اور تھانوں کی خود بھی نگرانی کریں کہ وہاں پر کوئی غلط کام تو نہیں ہو رہے وزیراعلیٰ نے بتایا کہ نوشہرہ میں ملک کی جدید ترین ٹیکنکل یونیورسٹی قائم کی جارہی ہے جس کے اعلیٰ ترین معیار کے باعث یونیورسٹی سے فارغ التحصیل طلباء کونوکریوں کے پیچھے نہیں پھر نا پڑے گا بلکہ نوکریاں خود اُن کے پیچھے آئیں گی انہوں نے کہاکہ اسی طرح نوشہرہ میں جدید ترین میڈیکل کمپلیکس بھی عنقریب کام شروع کردے گا جس میں ہر قسم کی بیماری کے علاج کی سہولیات میسر ہوں گی جبکہ نوشہرہ میڈیکل کالج بھی تکمیل کے مراحل میں ہے وزیراعلیٰ نے اس موقع پر پارٹی میں نئے شامل ہونے والے افراد کو مبارکباد دیتے ہوئے انہیں یقین دلایا کہ ان کو پارٹی میں عزت و تکریم کا مقام دیا جائے گا جلسے سے صوبائی وزیر میاں جمشید الدین و دیگر نے بھی خطاب کیا ۔