امیر جماعت اسلامی کا اسلامی پاکستان کیلئے عملی جدوجہد کا اعلان

2018ء کا سال ظالم ،کرپٹ حکمرانوں کیخلاف یوم احتساب ثابت ہوگا،مسجدنبویؐ میں وعدے کے باوجود وزیر اعظم نے سودی نظام ختم نہیں کیا،سراج الحق پاک چائنہ راہداری میں مالاکنڈ ڈویژن نظر انداز کرنے پر تحفظات ہیں ،نظام مصطفیؐ کی جنگ لڑرہے ہیں ،صرف پانی وبجلی میں 10 کھرب اور 70ارب کی کرپشن ہوئی ،68 سال گزرنے کے باوجود جج کے ہاتھ میں انگریز کی کتاب ہے ،سیاست لارڈمیکالے کے قانون کے تحت چل رہی ہے ، مینگورہ میں جلسہ سیرت النبیﷺ سے خطاب

ہفتہ 9 جنوری 2016 18:09

سوات (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔09 جنوری۔2016ء) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے اسلامی پاکستان کیلئے عملی جدوجہد کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ 2018ء کا سال ظالم اور کرپٹ حکمرانوں کیخلاف یوم احتساب ثابت ہوگا،مسجدنبویؐ میں وعدے کے باوجود وزیر اعظم نے سودی نظام ختم نہ کیا،پاک چائنہ راہداری میں مالاکنڈ ڈویژن نظر انداز کرنے پر تحفظات ہیں ،ہم حکومت کی نہیں ،نظام مصطفیؐ کی جنگ لڑرہے ہیں ،صرف پانی وبجلی میں 10 کھرب اور 70ارب کی کرپشن ہوئی ،68 سال گزرنے کے باوجود جج کے ہاتھ میں انگریز کی کتاب ہے ،سیاست لارڈمیکالے کے قانون کے تحت چل رہی ہے ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی سوات کے زیر اہتمام گراسی گراؤنڈ مینگورہ میں جلسہ سیرت النبی ﷺ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،اس موقع پر جماعت اسلامی کے صوبائی امیر مشتاق احمد خان ،صوبائی وزیر خزانہ مظفرسید ایڈوکیٹ ،ضلعی امیر ڈاکٹرفضل سبحان ،جنرل سیکرٹری حافظ اسرار احمد ،اخترعلی خان ،محمد امین اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا ،سراج الحق نے کہاہے کہ پاکستان اسلامی نظام کے نام آزاد ہوا لیکن 68سال گذرنے کے باوجود ایک دن کے لئے اس نظام کا خواب شرمندہ تعبیر نہ ہوسکا ،انہوں نے کہاکہ اس وقت پاکستان میں بدامنی ،کرپشن ،لوٹ مار ،بے روزگاری کا دوردورہ ہے اور حکمران دونوں ہاتھوں سے ملک کو لوٹ رہے ہیں اورانہوں نے دبئی،ملائشیا اورلندن میں بڑی بڑی عمارتیں بنائی ہیں لیکن جماعت اسلامی ان لٹیروں کے ساتھ کڑا احتساب کرکے پائی پائی وصول کرے گی انہوں نے کہاکہ ہم اسلامی پاکستان کا قیام چاہتے ہیں جہاں مفت تعلیم اور مفت صحت ہو ماں بہن کو جائیداد میں حصہ ملے اور ہر شہری کو مکان اور چھت میسر ہو انہوں نے کہاکہ میں نے عہد کیا ہے اور جان ہتھیلی پر رکھ کر اسلامی پاکستان کے قیام کے لئے جدوجہد شروع کردی ہے اور مرتے دم تک اس جدوجہد کو جاری رکھیں گے انہوں نے کہاکہ پاک چائنہ راہداری میں ملاکنڈ ڈویژن کو نظر انداز کرنے پر تحفظات ہیں اس لئے آج چکدرہ میں تمام ممبران اسمبلی ،سنیٹرز اور ناظمین کا جرگہ طلب کرلیا ہے جس میں آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائیگا۔