بلوچستان کی نئی اتحادی کابینہ کل حلف اٹھائے گی، ق اور ن لیگ کو ایک ایک وزارت ملنے کا امکان

پہلے مرحلے میں 10 وزراء جبکہ دوسرے مرحلے میں 4 وزراء حلف اٹھائیں گے،ذرائع

ہفتہ 9 جنوری 2016 16:35

بلوچستان کی نئی اتحادی کابینہ کل حلف اٹھائے گی، ق اور ن لیگ کو ایک ایک ..

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔09 جنوری۔2016ء) بلوچستان کے وزیراعلیٰ سردار ثناء اللہ زہری کی زیر قیادت بلوچستان کی نئی اتحادی کابینہ کل اتوارکو حلف اٹھائے گی۔گورنر محمد خان اچکزئی کابینہ سے حلف لیں گے۔ کابینہ میں نیشنل پارٹی‘ پختونخوا ملی عوامی پارٹی اور ن لیگ کے وزراء شامل ہوں گے۔اطلاعات کے مطابق کابینہ اراکین دو مرحلوں میں حلف اٹھائیں گے، پہلے مرحلے میں 10 وزراء جبکہ دوسرے مرحلے میں 4 وزراء حلف اٹھائیں گے۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق نئی کابینہ میں نیشنل پارٹی اور پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے گزشتہ کابینہ کے وزراء ہی شامل کیے گئے ہیں۔ متوقع وزراء میں نیشنل پارٹی کے محمد خان شاہوانی، رحمت صالح بلوچ، محمد اسلم بزنجو اور مجیب الرحمن محمد حسنی جبکہ پختونخوا ملی عوامی پارٹی سے عبدالرحیم زیارت وال، سردار مصطفی ترین، نواب ایاز خان جوگزئی اور ڈاکٹر حامد خان اچکزئی شامل ہیں۔ذرائع کے مطابق امکان ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ق) اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ایک ایک وزیر کو کابینہ میں شامل کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :