سلمان بٹ اور محمد آصف5سال بعد کل قومی ون ڈے کپ میں واپڈا کی نمائندگی کرینگے

ہفتہ 9 جنوری 2016 14:27

سلمان بٹ اور محمد آصف5سال بعد کل قومی ون ڈے کپ میں واپڈا کی نمائندگی ..

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔09 جنوری۔2016ء) اسپاٹ فکسنگ میں سزایافتہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سلمان بٹ اور فاسٹ باوٴلر محمد آصف اتوار کو قومی ون ڈے کپ میں پانچ سال بعد پہلی دفعہ ایکشن میں نظر آئیں گے۔سلمان بٹ اور محمد آصف قومی ایک روزہ کپ میں واپڈا کی نمائندگی کریں گے اور پہلا میچ فاٹا کے خلاف اتوار کو نیاز اسٹیڈیم حیدرآباد میں ہوگا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان پہلے ہی اپنے ایک بیان میں دونوں کھلاڑیوں کو پابندی ختم ہونے کے بعد واپسی کودونوں کھلاڑیوں کا قانونی حق قرار دے چکے ہیں جبکہ قومی ٹیم میں ان کی واپسی کو فرسٹ کلاس کرکٹ میں کارکردگی سے مشروط کیا تھا۔قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ وقاریونس نے بھی گذشتہ دنوں ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ وہ محمد عامر کے بعد سلمان بٹ اور محمد آصف کی واپسی کا بھی خیرمقدم کریں گے۔

(جاری ہے)

سلمان بٹ محمد آصف اور محمد عامر کو 2010 میں انگلینڈکے دورے میں اسپاٹ فکسنگ میں ملوث ہونے پرآئی سی سی کی جانب سے پانچ سال تک کرکٹ کھیلنے پر پابندی عائد کی گئی تھی جبکہ لندن کی عدالت نے سلمان بٹ کو ڈھائی سال، محمد آصف کو ایک سال اور محمد عامر کو چھ ماہ کی قید کی سزا سنائی تھی جو وہ پوری کرچکے ہیں۔
آئی سی سی نے گزشتہ سال پابندی کے قوانین میں نرمی کرتے ہوئے تینوں کھلاڑیوں کو ستمبر 2015 سے کرکٹ کھیلنے کی اجازت دی تھی جس کے بعد محمد عامر نے ڈومیسٹک اور بنگلہ دیش پریمیئرلیگ میں شرکت کرکے اپنی بہترین کارکردگی سے قومی ٹیم میں واپسی کی راہموار کی۔

دوسری جانب سلمان بٹ اور محمد آصف کو قائداعظم ٹرافی کے میچوں میں واپڈا کی جانب سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی گئی تھی تاہم وہ ٹیم کے ساتھ سفر کر رہے تھے۔قومی ون ڈے کپ کا آغاز 10 جنوری سے ملک کے مختلف شہروں میں شروع ہو رہا ہے جس میں چار اداروں اور چار ریجن کی ٹیموں سمیت 16 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں، ان ٹیموں کو دو پول میں تقسیم کیا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :