یونیسیف کا سال 2015ء کے دوران ادارے کے ایگزیکٹو بورڈ کے صدر کے طور پر پاکستان کے کردار کو خراج تحسین

ہفتہ 9 جنوری 2016 12:38

اقوام متحدہ ۔ 09 جنوری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔09 جنوری۔2016ء) بچوں کے حقوق کیلئے اقوام متحدہ کے ادارہ یونیسیف کے سربراہ انتھونی لیک نے سال 2015ء کے دوران ادارے کے ایگزیکٹو بورڈ کے صدر کے طور پر پاکستان کے کردار کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان نے اپنی قیادت اور حصہ داری سے ادارہے کے اہداف کے حصول کیلئے گرانقدر خدمات سرانجام دی ہیں۔

اقوام متحدہ میں ایگزیٹو بورڈ کے نئے اراکا ن کے انتخابات کے حوالہ سے ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں انتھونی لیک نے یونیسیف کی جانب سے پاکستان کی سفیر ملیحہ لودھی کی خدمات کو سراہا جنہوں سال 2015 کے دوران یونیسیف کے ایگزیکٹو بورڈ کے صدر کے طور پر کام کیا انہوں نے اس سال کو ادارے کیلئے انتہائی کامیاب اور مثبت قرار دیا۔

(جاری ہے)

ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں یونیسیف کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا اور مختلف پالیسیز اور بجٹ وغیرہ کی منظوری دی گئی ۔

یونیسیف کے ایگزیکٹو بورڈ کے مجموعی اراکین کی تعداد 36ہے جو دنیا کے پانچ علاقائی گروپس کی نمائندگی کرتے ہیں۔بورڈ کا سربراہ صدر جبکہ چاروں نائب صدور کا تعلق پانچ گروپوں سے ہوتا ہے۔یونیسیف کے سرابراہ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ سال 2015ء کے دوران بورڈ کی جانب سے نئے سنگ میل کے حصول کیلئے کئے گئے اقدامات پر انتہائی خوش ہیں جس نے اپنی مثبت اور تعاون پر مشتمل پالیسی کے تحت ادارے کو اہداف حاصل کرنے میں معاونت فراہم کی ۔

انہوں نے کہا کہ ملیحہ لودھی نے عالمی سطح پر بچوں کے حقوق کے حوالے سے گرانقدر خدمات سرانجام دی ہیں جو قابل تحسین ہیں ۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے کہا کہ جب عالمی برادری سال 2030ء کے ترقیاتی ایجنڈے پر مذاکرات کر رہی ہے اس وقت یونیسیف کے ایگزیکٹو بورڈ نے اپنے سیکرٹریٹ کے ساتھ مل کر بچوں کے حقوق کے سلسلہ میں عالمی سطح پر موثر آواز بلند کی اور یونیسیف نے موجودہ وقت کے اہم ترین ترقیاتی ایجنڈے کے پروگرامز میں بچوں کے حقوق کو اجاگر کرنے کیلئے کردار ادا کیا انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت بین الاقوامی تنازعات کے باعث بچوں کو مختلف مسائل درپیش ہیں اور ان کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہونی چاہئے۔

انہوں نے کہا یہ بات قابل ذکر ہے کہ عالمی آبادی میں بچوں کا تناسب 50فیصد ہے اور دنیا کی تیزی سے بدلتی ہوئی صورتحال کے پیش نظر بچوں کے حقوق کے حوالے سے جامع منصوبہ بندی کی ضرورت ہے ۔انہوں نے بورڈ کے نائب صدور کی معاونت پر انکا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ایگزیکٹو بورڈ کے سربراہ انتھونی لیک پرکشش قیادت کے مالک ہیں جو بچوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے انتہائی پر عزم ہیں اور خصوصاً یونیسیف کے پروگراموں میں انہوں نے بچوں کے حقوق کو انتہائی اہمیت دی ہے ۔

متعلقہ عنوان :