ملک کے ایک عام شہری کو پینے کے صاف پانی تک رسائی ممکن نہیں جولمحہ فکریہ ہے،ڈاکٹر محمد قیصر

گلوبل وارمنگ ماحولیات اور تمام جانداروں کی بقاء اور زندگی کے لئے ایک بہت بڑاخطرہ ہے۔ڈاکٹر اقبال چوہدری

جمعہ 8 جنوری 2016 21:47

کرا چی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔08 جنوری۔2016ء) جامعہ کراچی کے وائس چانسلرپروفیسر ڈاکٹر محمد قیصر نے کہا کہ ملک کے ایک عام شہری کو پینے کے صاف پانی تک رسائی ممکن نہیں جولمحہ فکریہ ہے۔حکومت کو چاہیئے کہ بگڑتی ہوئی ماحولیاتی صورتحال پر قابو پانے کے لئے عملی اقدامات کریں ،ملک کا ایکوسسٹم برباد ہورہاہے جس سے پیڑ ،پودے، وائلڈ لائف اور جانوروں کوشدید خطرات لاحق ہیں جس کے مضر اثرات انسانی زندگی پر بھی پڑ رہے ہیں جس کی روک تھام کے لئے ٹھوس حکومتی اقدامات ناگزیر ہوگئے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ کراچی کے شعبہ کیمیاء اور انٹرنیشنل سینٹر فار کیمیکل اینڈ بائیولوجیکل سائنسز جامعہ کراچی کے اشتراک سے چوتھی بین الاقوامی کانفرنس بعنوان: ”انوائرمینٹل ہاریزن ویلونگ اینڈ کنزرونگ نیچر“ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈائریکٹر آئی سی سی بی ایس پروفیسر ڈاکٹر اقبال چوہدری،رئیس کلیہ علوم پروفیسر ڈاکٹر عارف کمال،چیئر مین شعبہ کیمیاء پروفیسر ڈاکٹر ایس اظہر علی اور پروفیسر ڈاکٹر ماجد ممتاز موجود تھے۔

شیخ الجامعہ نے مزید کہا کہ شعبہ کیمیاء اور آئی سی سی بی ایس کی جانب سے انتہائی اہم اور توجہ طلب موضوع پر کانفرنس کا انعقاد لائق تحسین ہے۔پروفیسر ڈاکٹر اقبال چوہدری نے کہا کہ گلوبل وارمنگ ماحولیات اور تمام جانداروں کی بقاء اور زندگی کے لئے ایک بہت بڑاخطرہ ہے جس کی روک تھام کے لئے بین الاقوامی اسکالرز اور حکومتیں مشترکہ لائحہ عمل ترتیب دے رہی ہیں۔ماحولیات اور انسانی زندگی کو لاحق چیلنجز کو سمجھنے کا واحد طریقہ کار تحقیق ہے۔سائنس اور سماجی علوم کی مختلف شعبہ جات میں تحقیق کے عمل کو فروغ دے کر ہی انسانیت اور ماحولیات کو درپیش خطرات کا سے نمٹا جاسکتا ہے۔

متعلقہ عنوان :