عالمی منڈیوں میں تیل کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ فوری طور پر عوام کو منتقل کیا جائے،حاجی گلزار اعوان

جمعہ 8 جنوری 2016 21:22

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔08 جنوری۔2016ء)پاکستان پیپلز پارٹی پنجاب کونسل کے ممبر اور سابق امیدوار برائے قومی اسمبلی حاجی محمد گلزار اعوان نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ عالمی منڈیوں میں تیل کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ فوری طور پر عوام کو منتقل کیا جائے اور اسی تناسب سے مہنگائی کو کم کرنے کے بھی اقدامات اٹھائے جائیں ․ انہوں نے یہ بات امن ہاؤس پشاور روڈ راولپنڈی میں کارکنوں اور معززین کے وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کہی ․ انہوں نے کہا کہ عالمی منڈیوں میں پچھلے گیارہ سال کے دوران تیل کی سب سے کم قیمت نافذ ہوئی ہے اور اس میں مزید کمی کا امکان ہے ․ جس طرح عالمی برادری کے دیگر ممالک کے عوام تیل کی قیمتوں میں اس کمی سے مستفید ہوتے ہیں اسی طرح پاکستان کے عوام کا بھی یہ حق ہے کہ انہیں بھی اس کمی کا فائدہ دیا جائے اور اسی تناسب سے ٹرانسپورٹ کے کرایوں اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں بھی کمی کی جائے تاکہ عوام کو مہنگائی کی چکی سے باہر نکالا جا سکے ۔