رسول کریم ؐ کی تعلیمات قیامت تک کی انسانیت کیلئے مکمل ضابطہ حیات ہیں،ہدایت رسول قادری

جمعہ 8 جنوری 2016 21:13

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔08 جنوری۔2016ء)تحریک منہاج القرآن کے ضلعی امیرسیدہدایت رسول قادری نے کہا ہے کہ اسلام صرف مذہب نہیں بلکہ مکمل دین ہے ۔15سو سال قبل رسول کریم ؐ نے جو تعلیمات دیں وہ قیامت تک کی انسانیت کیلئے مکمل ضابطہ حیات ہیں ،اسلامی اقدار کی خوبی ہے کہ یہ افراد کی خواہشات کے مطابق بدلتی نہیں بلکہ انکو ہر لمحہ بھٹکنے سے بچا لیتی ہیں ۔

اسلام نے مسلم ریاست کے اندر غیر مسلموں کو جو حقوق دئے وہ ہمارے مذہب کی سنہری تاریخ ہیں ،دین اسلام نے تو جانوروں کے حقوق کو بھی مکمل تحفظ دیا ہے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے دارالعلوم نوریہ رضویہ گلبرگ اے میں جمعۃ المبارک کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ہدایت رسول قادری نے کہاکہ دین اسلام نے فرد کو انفرادی اور اجتماعی حقوق دے کر اسکی تکریم میں اضافہ کیا ہے ۔

(جاری ہے)

آج پاکستان سمیت دیگر مسلم ریاستوں میں انسانی حقوق کی پامالی اس لئے ہے کہ ہم نے اپنے دین کی زریں اقدار کو فراموش کر دیا ہے ۔اس لئے امت مسلمہ تنزلی کی طرف جا رہی ہے ،انہوں نے کہاکہ مغربی معاشروں میں حقوق انسانی کا تصور اسلام کے بنیادی اصولوں کے قریب تر ہے ۔انسانی حقوق اور دین اسلام لازم و ملزوم ہیں،نام نہاد متعصب سکالرز اسلامی روح کو سمجھنے سے قاصر ہیں ،انکے مطالعے کا ماخذ حقیقی اسلامی فکر نہیں ہے اس لئے وہ اسلام کے دئیے گئے حقوق کے حوالے سے متذبذب ہیں انہیں مطالعہ و تحقیق کی عادت اپنانی ہو گی ۔