فاٹا میں تعلیم اور صحت کی سہولتوں میں اضافے کے لیے تندہی سے کام کیا جائے،صدر مملکت

کارکردگی بہتر بنانے کے لیے متعلقہ شعبوں میں ایڈوائزری بورڈ قائم کئے جائیں،خیبراور باجوڑ ایجنسیوں میں تعلیم اور صحت کے بارے میں بریفنگ کے موقع پر ہدایت

جمعہ 8 جنوری 2016 21:04

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔08 جنوری۔2016ء) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ فاٹا میں تعلیم اور صحت کی سہولتوں میں اضافے کے لیے تندہی سے کام کیا جائے اور کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے متعلقہ شعبوں میں ایڈوائزری بورڈ قائم کئے جائیں۔صدر مملکت نے یہ ہدایت ایوان صدر میں خیبراور باجوڑ ایجنسیوں میں تعلیم اور صحت کے امور کے بارے میں ایک بریفنگ کے موقع پر دی۔

بریفنگ میں سیکریٹری سیفران خالد پرویز ، ایڈیشنل سیکریٹری فاٹا محمد اسلم کمبوہ، فاٹا کے سماجی امور کے سیکریٹری سید وقار الحسن اور دونوں ایجنسیوں کے پولیٹکل ایجنٹ بھی موجود تھے۔صدر مملکت نے ہدایت کی کہ تعلیم اور صحت کے شعبے میں بہتری کے لیے ضروری ہے کہ سرکاری ملازمین یہ کام اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داری کے ساتھ ساتھ عبادت سمجھ کر سرانجام دیں۔

(جاری ہے)

صدر مملکت نے ہدایت کی کہ تعلیم اور صحت کے شعبوں میں کام کرنے والے اساتذہ ، ڈاکٹروں اور دیگر عملے کو بہترسہولتیں فراہم کی جائیں اور اس مقصد کے لیے نئے پیکج تیار کیے جائیں تاکہ قبائلی علاقوں میں اچھے اساتذہ ، ڈاکٹر اور دیگر عملہ میسر آسکے۔انہوں نے ملازمین کو دستیاب سہولتوں میں امتیازی سلوک کے خاتمے کی بھی ہدایت کی۔صدر مملکت نے مزید ہدایت کی کہ ا سکولوں میں داخلے میں اضافے کیلیے اقدامات کئے جائیں تاکہ زیادہ سے زیادہ بچے تعلیم حاصل کرسکیں۔

وہ قبائلی علاقوں کے دوروں میں اضافہ کریں گے تاکہ ان علاقوں کے مسائل جلد حل ہوسکیں۔صدر مملکت نے کہا کہ وہ قبائلی علاقوں کے مسائل سے براہ راست آگاہ ہونا چاہتے ہیں اس مقصد کے لئے وہ ان علاقوں میں باربارجانے کے خواہش مند ہیں انہوں نے اس موقع پر متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ و ہ تمام ایجنسیوں میں ان کے جلد از جلد دورے کے انتظامات کیے جائیں۔

متعلقہ عنوان :