عتیق خان سیاست کاسرطان ہے ، راجہ فاروق حیدر

انتظامیہ اور کرپٹ بیورکریسی نے اپنے فرائض منصبی سے ہٹ کر پی پی حکومت کیلئے کوئی غلط کام کیا توچھوڑوں گا نہیں،میٹنگز سے خطاب

جمعہ 8 جنوری 2016 20:47

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔08 جنوری۔2016ء)پاکستان مسلم لیگ(ن) آزاد جموں و کشمیر کے صدر راجہ محمد فاروق حیدر خان کہا کہ عتیق خان سیاست کاسرطان ہے ، مسلم کانفرنسی قیادت مقصد اور بامقصد کی رٹ لگانے کی بجائے جائیں اور ہماری جان چھوڑیں، شیخ عبداللہ کے موقف کو درست کہنے والوں کا ہم سے اتحاد نہیں ہو سکتا وہ جائیں اور محبوبہ مفتی اورفاروق عبداللہ سے اتحاد کریں۔

مسلم لیگی قیادت کیخلاف نازیبا زبان استعمال کرنے والوں سے نہ پہلے اتحاد ہو سکتا تھا نہ کبھی ہوگا۔آزاد کشمیر میں مفاد پرست ٹولہ بہت جلد اپنے انجام کو پہنچنے والا ہے اس طرح تو چوری کا مال بھی تقسیم نہیں کیا جاتا جس موجودہ حکمرانوں نے نے آزاد کشمیر کے وسائل پر ڈاکہ ڈالا ہے ،انتظامیہ اور کرپٹ بیورکریسی کو خبردار کرتا ہوں کہ بہت تھوڑا وقت رہ گیا ہے آپ عوام کے خادم ہیں اپنے غلطیوں کا کفارا ادا کریں اوراگر کسی نے اپنے فرائض منصبی سے ہٹ پیپلزپارٹی کی حکومت کیلئے کوئی غلط کام کیا توچھوڑوں گا نہیں ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجیڑی، بھمبر اور برنالہ کے مقام پر مسلم لیگ(ن) آزاد جموں و کشمیر ورکرز کنونشن کی تیاریوں کے سلسلہ میں منعقدہ میٹنگز سے خطاب کے دوران کیا۔ میٹنگز سے پاکستان مسلم لیگ(ن) آزاد جموں و کشمیر کے سینئر نائب صدر چوہدری طارق فاروق، اس موقع پر سابق وزیر حکومت چوہدری رخسار احمد، ضلعی صدرراجہ مقصود خان، کرنل وقار احمد نور اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔

برنالہ میٹنگ میں مسلم کانفرنس اور پیپلز پارٹی سے ملک محمد سلیم سابق ممبر ضلع کونسل،چوہدری محمد اعظم، چوہدری صابر، محمد فاضل، پولے خان، عدالت خان حاجی محمد شریف چوہدری غلام نبی،چوہدری سخاوت، پیر جمال اور دیگر نے اپنے سینکڑوں ساتھیوں سمیت مسلم لیگ(ن ) میں شمولیت کا باقاعد ہ اعلان کیا۔پاکستان مسلم لیگ(ن) آزاد جموں و کشمیر کے ایڈیشنل سیکرٹری جنرل سردار عبدالخالق وصی#، راجہ رزاق، ذوالفقار علی ملک، مرزا ظفر جرال، یوتھ کے صدر ملک محمد حنیف اور دیگر مسلم لیگی عہدیداران بڑی تعداد میں ہمراہ موجود تھے۔

راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا کہ مسلم لیگی عہدیداران و کارکنان آپس میں اتحاد و اتفاق کا مظاہر ہ کرتے ہوئے ورکرز کنونشن کو بھرپور طریقے سے کامیاب کریں۔ راجہ محمد فاروق حیدر خان نے برنالہ میں میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں واضح اور صاف طور پر کہتا ہوں کہ عتیق خان ہماری جا ن چھوڑیں جائیں اپنا الیکشن لڑیں، میاں محمدنواز شریف نے جلاوطنی تو قبول کر لی لیکن مشرف کیساتھ اپنی جماعت کا سودا نہیں کیا اور اب بھی وہ اپنے ساتھیوں کو کسی صورت قربان نہیں کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ قائد پاکستان محمد نوا زشریف نے کہہ دیا ہے کہ مسلم لیگ(ن) آزاد جموں و کشمیر اپنے فیصلے کرنے میں بااختیار ہے ان کی سفارشات پر مکمل عمل کیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ عتیق خان نے ایک بوٹی کیلئے پوری گائے کو زبح کر دیا ، میں کہتا ہوں کہ عتیق خان کی سیاسی گود کبھی ہری نہیں ہوگی اور اگر ہم نے کوئی قصور کیا ہے تو اس کی سز ا ہمیں ملے۔

راجہ محمد فاروق حیدر خان نے مزید کہا کہ مسلم لیگی عہدیداران و کارکنان آپس میں اتحاد و اتفاق کا مظاہر ہ کرتے ہوئے ورکرز کنونشن کو کامیاب بنانے بھرپور کردار ادا کریں۔ ہم آزاد کشمیر میں آئین و قانون کی حکمرانی بحال کرکے ان چور اور لٹیروں سے آپ کی جان چھڑانے چاہتے ہیں اس کے لیے آپ پر بھی لازم ہے کہ مسلم لیگ(ن) کے کنونشنز میں بھرپور شرکت کرکے مسلم لیگی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے ملی غیرت اور سیاسی بیداری کا ثبوت فراہم کریں۔

راجہ محمد فاروق حیدر خان نے مسلم لیگ(ن) میں نئے شامل ہونے والوں کو قائد پاکستان میاں محمد نواز شریف، سالار جمہوریت سردار سکندر حیات خان اور اپنی جانب سے مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی شمولیت سے جماعت مستحکم ہوئی ہے آپ کا شامل ہونا مسلم لیگ (ن) کے مقامی زعما پر اعتماد کااظہار ہے اور میں بھی آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ آپ اپنے فیصلے پر مایوسی نہیں ہو گی اور آپ کو مسلم لیگ(ن) میں جائز مقام اور آپ کی مشاورت کو بھرپور پذیرائی ملے گی۔

علاوہ ازیں پاکستان مسلم لیگ(ن) آزاد جموں و کشمیر کے صدر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے پاکستان مسلم لیگ(ن) آزاد جموں وکشمیر ضلع بھمبر کے صدر راجہ مقصودخان کی خوش دامن کے انتقال پر ان کے گھر جا کر اظہار تعزیت کیا۔ اس کے علاوہ راجہ محمد فاروق حیدرخان سابق سیکرٹری آزاد حکومت راجہ یعقوب خان آف کسگمہ اور مسلم لیگی راہنما راجہ ولید کے بھائی راجہ سعید کی وفات پر ان کے گھر جا کر مرحوم کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی، اظہار تعز یت اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔