حفاظتی ٹیکوں کے قومی پروگرام ای پی آئی کو ISO 9001: 2008 کا سرٹیفکیٹ جاری کر دیاگیا

جمعہ 8 جنوری 2016 20:41

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔08 جنوری۔2016ء)پاکستان میں حفاظتی ٹیکوں کے قومی پروگرام ای پی آئی کو ویکسین کے عالمی سطح کے معیار کے حصول کے نتیجے میں گذشتہ روز ISO 9001: 2008 کا سرٹیفکیٹ جاری کر دیاگیا ہے یہ سرٹیفکیٹ ویکسین کے انتظام میں دنیا بھر میں اپنی اہمیت کے حوالے سے پہچانا جاتا ہے۔ اور پاکستان نے یہ ہدف کئی سال کی کوششوں کے بعد حاصل کر لیا ہے۔

ویکسین کی ترسیل اور سٹوریج ایک انتہائی حساس کام ہے اور اس میں درجہ حرارت کو برقرار رکھنا انتہائی ضروری ہے تاکہ ویکسین موثر رہے۔ اور مطلوبہ نتائج حاصل کر سکے۔ اس کامیابی پروزیر قومی صحت سائرہ افضل تارڑ نے ای پی آئی کی انتظامیہ کو مبارکباد دی اور کہا کہ یہ منزل وزارت قومی صحت کی شفافیت اور مانیٹرنگ کے نظام کو بہتر بنانے سے حاصل ہوئی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ای پی آئی پروگرام جو بچوں کی جان بچانے والی ویکسین پورے ملک میں فراہم کرتا ہے پر خصوصی توجہ مرکوز کی گئی ہے اور یہاں ویکسین کی ترسیل کے نظام کو عالمی معیار پر لانے کے لیے پچھلے ایک سال سے کوششیں جاری ہیں۔اس موقع پر سیکرٹری ہیلتھ ایوب شیخ نے اس سرٹیفکیٹ کے اجراء پر خوشی کا اظہار کیا اورکہا کہ یہ امر قابل ذکر ہے کہ وزارت قومی صحت نے گذشہ ایک سال سے ویکسین کے انتظام اور ترسیل کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے کوششیں کیں۔

یہ سرٹیفکیٹ اس کا ثمر ہے اس حوالے سے ای پی آئی انتظامیہ اور تکنیکی ماہرین نے حنہوں نے معیار کو بہتر بنانے کے لیے تعاون کیا، کی کوششوں کو سراہا۔پروگرام منیجر ڈاکٹر ثقلین گیلانی نے کہا کہ یقینا یہ ایک بڑی کامیابی ہے جس کے ثمرات پاکستان کے ہر بچے تک پہنچیں گے۔ ویکسین کی ترسیل کا نظام بہتر ہونے سے فراہم کی جانے والی تمام ویکسین بروقت اور مطلوبہ مقدار میں ضلعی سطح پر فراہم کی جا سکے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس سرٹیفکیٹ کے اجراء سے عالمی سطح پر پاکستان کا وقار بلند ہوا ہے۔ ڈاکٹر ثقلین گیلانی نے کہا ہے کہ ویکسین کی سٹوریج اور ترسیل کے نظام میں ایک رول ماڈل کی حیثیت رکھتا ہے۔