جماعت اسلامی جیکب آباد شہر کے زیر اہتمام ماہ ربیع الاول میں " سیرت محمد تقریبات کا سلسلہ ماہ کے اختتام تک جاری رہے گا

جمعہ 8 جنوری 2016 18:21

جیکب آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔08 جنوری۔2016ء) جماعت اسلامی جیکب آباد شہر کے زیر اہتمام ماہ ربیع الاول میں " سیرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم" کے حوالے سے منعقدہ تقریبات کا سلسلہ ماہ مذکورہ کے آغاز سے ہی شروع ہو گیا تھا جو اس مہینے کے اختتام تک جاری رہے گا۔ اس حوالے سے مسجد نورالایمان جیکب آبادمیں بھی جلسہ " سیرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم" کا انعقاد کیا گیا جسکے مہمان خاص پروفیسر نظام الدین میمن نائب امیر جماعت اسلامی سندھ و ڈائریکٹر مہران اکیڈمی تھے جنہوں نے اپنے خطاب مین نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت مبارکہ پر مفصل روشنی ڈالتے ہوئے حاضرین کو بتایا کہ بلا شبہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت تمام اہل دنیا کے لیے مشعل راہ ہے اور اس پر عمل پیرا ہونا دنیا وآخرت میں ہماری سرخ روئی کا باعث ہے۔

(جاری ہے)

نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی حیات طیبہ سے ہم وہ سبق حاصل کر سکتے ہیں جس کی وجہ ہمارے مسائل اور پریشانیاں ختم ہو کر ہماری زندگی میں آرام وسکون اور اطمینان آ سکتا ہے ۔ جماعت اسلامی کی دعوت بھی اسی نہج پر استوار ہے جو نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے پیش کی تھی اور ہم اہل وطن کو دعوت دیتے ہیں کہ وہمارے دست وبازو بن کر ایک ایسے تحریک کا ساتھ دیں جو رنگ ونسل، زباں اور علاقہ سے ماورا ہو کر تمام عالم انسانیت کے لیے وہ پیغام لے کر آئی ہے جس پر عمل کے نتیجے میں ہمارے دکھ اور درد اور سارے مصائب ختم ہو جائیں گی اور ہمارا ملک اور دنیاجنت کا نمونہ بن جائیں گے۔

امیر جماعت اسلامی شہر اعجاز احمد میمن نے بڑی تعداد میں عاشقان رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی اس مقدس تقریب میں آمد پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت مبارکہ مختلف پہلوؤں کی حامل اور پھولوں کے ایک ایسے گلدستہ کی مانند ہے جس کے ہر پھول کا ایک ایک رنگ اور اپنی خوشبو ہے ۔ اس موقعہ پر عبدالجبار لاشاری نے نعت رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم پیش کی جب کے نظامت کے فرائض قیم شہر ہدایت اللہ رند نے انجام دیے تقریب میں ضلعی نائب امراء حافظ عبدالغنی بلوچ، عبدالصمد کٹبار اور بزرگ رکن پروفیسر محمد یونس قریشی، نائب امرائے شہر محمد حنیف کھوسو اور غوث بخش لاشاری سمیت دیگر ذمیداراں موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :