چارسدہ ڈسٹرکٹ انٹر پبلک سکولز رسہ کشی مقابلے اختتام پذیر ، نیشنل چلڈرن اکیڈمی نے ٹرافی اپنے نام کرلی

جمعہ 8 جنوری 2016 18:15

چارسدہ ڈسٹرکٹ انٹر پبلک سکولز رسہ کشی مقابلے اختتام پذیر ، نیشنل چلڈرن ..

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔08 جنوری۔2016ء ) چارسدہ ڈسٹرکٹ انٹر پبلک سکولز رسہ کشی مقابلے اختتام پذیر ، نیشنل چلڈرن اکیڈمی چارسدہ نے ٹرافی اپنے نام کرلی ، الکریم پبلک سکول نے دوسری اور لینڈ مارک پبلک سکولز نے تیسری پوزیشن حاصل کی ۔ اس موقع پر ڈائریکٹرسپورٹس بورڈ آف انٹر میڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن پشاور منظر خان مہمان خصوصی تھے ان کے ہمراہ نفیس اﷲ صدر سپورٹس کمیٹی بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ،شجاع الدین نائب صدر ، احمد جان ممبر سپورٹس کمیٹی ، رسہ کشی ایسوسی ایشن خیبرپختونخوا کے سیکرٹری جنرل تاج محمد خان ، ریفری شریف خان مہمند ، اعجاز خان سمیت دیگر اہم شخصیات موجود تھیں ۔

بورڈ آف انٹر میڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن پشاورکے تعاون اور صوبائی رسہ کشی ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام چارسدہ ڈسٹرکٹ انٹر پبلک سکولز رسہ کشی کے مقابلے لینڈ مارک پبلک سکولز گراؤنڈ پر منعقد ہوئے جس میں ڈسٹرکٹ چارسدہ کے سولہ سکولز نے شرکت کی جن میں اقراء ماڈل ، الکریم پبلک سکول، نیو مسلم سکول، شاہ بلاول ،کاکا خیل ماڈل سکول ، السد ماڈل سکول ، فضل شہید ماڈل سکول، سعید پبلک سکول، اسلامیہ ماڈل سکول، گلیکسی ماڈل سکول، لینڈ مارک سکول ، قائداعظم ماڈل سکول ، نیشنل چلڈرن اکیڈمی ، النور ماڈل سکول ، دی ایجوکیٹر سکول اور سرڈھیری سکول کے کھلاڑیوں نے حصہ لیا ۔

(جاری ہے)

چیمپئن شپ کے پہلے سیمی فائنل میں نیشنل چلڈرن اکیڈمی اور لینڈ مارک سکول کے درمیان کھیلاگیا جس میں نیشنل چلڈرن اکیڈمی نے تین صفر سے شکست دی جبکہ دوسرے سیمی فائنل میں الکریم اور السد ماڈل کے کے درمیان کھیلا گیا جس میں الکریم پبلک سکول نے کامیابی حاصل کرکے فائنل کیلئے کوالیفائی کیا ۔ جبکہ فائنل میں نیشنل چلڈرن اکیڈمی نے الکریم پبلک سکو ل کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد دو ایک سے شکست دیکر ٹائٹل اپنے نام کیا ۔

جبکہ تیسری پوزیشن کیلئے کھیلے جانے والے میچ میں لینڈ مارک نے ال اسد ماڈل سکو ل کو تین صفر سے شکست دی ، اس موقع پر سیکرٹری رسہ کشی ایسوسی ایشن تاج محمد خان نے ڈائریکٹر سپورٹس پشاور بورڈ منظر خان اور لینڈ مارک پبلک سکول کے پرنسپل کا بہترین انتظامات پر شکریہ ادا کرتے ہوئے صوبائی رسہ کشی ایسوسی ایشن کی جانب سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی انہوں نے کہا کہ ڈائریکٹریٹ آف سپورٹس خیبرپختونخوا صوبے میں کھیلوں کے فروغ اور ترقی میں اہم رول ادا کررہی ہے جن کی بدولت آج سپورٹس کے میدان کھیلوں کے ذریعے آباد ہیں جس کا کریڈٹ ڈائریکٹرجنرل سپورٹس رشیدہ غزنوی اور ڈائریکٹر سپورٹس طارق محمود کو جاتا ہے جنہوں نے گزشتہ سال بھی انٹر ریجنل یوتھ گیمز ، انٹر ڈسٹرکٹ گیمز سمیت مختلف صوبائی اور نیشنل مقابلوں کا کامیاب انعقاد کیاگیا۔

امید ہے کہ یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔