پی سی او تحت حلف اٹھانے والے ججز کو فارغ کرنے کے فیصلے کیخلاف دائر درخواست پررجسٹرار کے اعتراضات ختم ،درخواست ماعت کیلئے منظور

جمعہ 8 جنوری 2016 15:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔08 جنوری۔2016ء) سپریم کورٹ نے سابق صدر پرویز مشرف کے دور میں پی سی او کے تحت حلف اٹھانے والے ججز کو فارغ کرنے کے فیصلے کے خلاف دائر درخواست پر رجسٹرار کے اعتراضات ختم کر دیئے ہیں اور اسے سماعت کے لئے منظور کر لیا ہے‘ درخواست کی سماعت غیر معینہ مدت تک کے لئے ملتوی کر دی گئی ہے۔ لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن نے 31 جولائی 2009ء کے عدالتی فیصلے کے خلاف درخواست دائر کی تھی جس پر رجسٹرار سپریم کورٹ نے نو اعتراضات لگائے تھے اور درخواست واپس کر دی تھی۔

جس کے خلاف اپیل کی گئی اپیل کی سماعت جمعہ کے روز چیف جسٹس انور ظہیر جمالی کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کی۔ اس دوران درخواست گزار کی جانب سے بیرسٹر علی ظفر عدالت میں پیش ہوئے اور انہوں نے موقف اختیار کیا کہ رجسٹرار سپریم کورٹ عدالت نہیں ہیں اس لئے وہ اعتراضات نہیں لگا سکتے۔

(جاری ہے)

ان کا درخواست دینے کا حق قانون کے مطابق ہے ان کا تعلق قانونی برادری سے ہے جن سے ججز لئے جاتے ہیں اس لئے پی سی او کے فیصلے سے وہ براہ راست متاثر ہوئے ہیں یہ بنیادی اہمیت کا معاملہ ہے کیونکہ ججز کو آئین کے آرٹیکل 209 کے علاوہ نہیں ہٹایا جا سکتا۔

یہ عدالت نے فیصلہ کرنا ہے کہ ہم اس سے متاثرہ ہیں یا نہیں۔ انہیں درخواست دینے کااختیار ہے جہاں تک درخواست کے زائد المیعاد ہونے کا تعلق ہے اور اس حوالے سے بھی درخواست دائر کی گئی تھی جس پر عدالت نے رجسٹرار کے اعتراضات ختم کرتے ہوئے درخواست کو ابتدائی سماعت کے منظور کر لیا ہے۔ درخواست کی مزید سماعت غیر معینہ مدت تک کے لئے ملتوی کر دی گئی ہے۔ واضح رہے کہ درخواست پر رجسٹرار نے اعتراضات لگاتے ہوئے اسے واپس کر دیا تھا۔