پولیو کے خاتمہ کیلئے سرحد پار رابطہ کاری کو مضبوط بنانے کے سلسلے میں افغانستان اور پاکستان کی قومی پولیو ٹیموں کے مابین ویڈیو کانفرنس

ڈاکٹر عائشہ رضا فاروق کاسرحدوں پر پولیو کے قطرے پلانے کی مہموں میں متحدہ عمل کی ضرورت پر زور

جمعرات 7 جنوری 2016 22:36

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔07 جنوری۔2016ء) پولیو کے خاتمہ کیلئے بین الاقوامی سطح اور علاقائی وقومی سطح پر سرحد پار رابط کاری کو مضبوط بنانے کے سلسلہ میں افغانستان اور پاکستان کی قومی پولیو ٹیموں کے مابین ویڈیو کانفرنس ہوئی جس کی صدارت پولیو کے خاتمہ بارے وزیراعظم کی فوکل پرسن ڈاکٹر عائشہ رضا فاروق اور افغانستان کے وزیر صحت کے سینئر ایڈوائیزر ڈاکٹر ہدایت اﷲ ستینی زئی نے کی۔

سینیٹر عائشہ رضا فاروق نے سرحدپار سطح پر پولیو کے خاتمہ کی جانے والی افغان کوششوں کو سراہا ۔ انہوں نے سرحدوں پر پولیو کے قطرے پلانے کی مہموں میں متحدہ طورپر عمل کی ضرورت پر زوردیا ۔ اجلاس کے دوران افغان سینئر ایڈوائزرڈاکٹر ہدایت اﷲ ستینی زئی نے پولیو وائرس کی منتقلی روکنے کیلئے پاکستان کی کی گئی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ دونوں ممالک میں پولیو کے زیادہ تر کیسسز سرحدی علاقوں میں ہیں جہاں پر پولیو کے قطرے پلانے کے حوالہ سے بڑے چیلنجز درپیش ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے باہمی عزم اور روابط سے اُمید ہے کہ ہم پولیو پر قابو پالیں گے۔سینیٹر عائشہ رضا فاروق نے پولیو کے خاتمہ کیلئے رابطہ کاری میں ہونے والی پیشرفت کے بارے میں بتایا جبکہ فاٹا ، کے پی اور افغانستان کے مشرقی علاقہ اور بلوچستان اور جنوبی علاقہ کی ٹیموں کے مابین الیکٹرانک اور شخصی اجلاس ہوئے ہیں۔ ویڈیو کانفرنس میں دونوں اطراف کی سرحدوں پر پولیو کے خاتمہ میں ہونے والی پیشرفت اور سرحدی علاقوں میں موجودہ صورتحال کے جائزہ بارے پریذنٹیشن دی گئی۔

اجلاس میں پولیو کے خاتمہ کے آئندہ ماہ کی مہموں کو باہمی طورپر متحدہ بنانے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ دونوں ممالک کے قومی نمائندگان سہ ماہی بنیادوں پر ویڈیو کانفرنس کے ذریعے اجلاس کریں گے اور سال میں دو مرتبہ شخصی اجلاس ہوں گے۔پاکستان کی طرف سے نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے کوآرڈینیٹرڈاکٹر محمد صفدر رانا جبکہ افغانستان کی طر ف سے ڈائریکٹر نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر ڈاکٹر میو نداحمد زئی نے پولیو کی صورتحال کے بارے میں پریذنٹیشن دی۔

متعلقہ عنوان :