ہلالِ احمر کے تعاون سے گلگت بلتستان میں ڈیزاسٹر مینجمنٹ سیل کومزید فعال اور متحرک کیاجائے گا، حافظ حفیظ الرحمان

تربیت یافتہ طبیّ عملہ ریسکیو اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ میں خود کفالت حاصل کریں گے، وزیراعلیٰ گلگت بلتستان

جمعرات 7 جنوری 2016 21:25

راولپنڈی۔7جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔07 جنوری۔2016ء )وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمان نے کہا ہے کہ ہلالِ احمر کے تعاون سے گلگت بلتستان میں ڈیزاسٹر مینجمنٹ سیل کومزید فعال اور متحرک کیاجائے گا اور تربیت یافتہ طبیّ عملہ ریسکیو اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ میں خود کفالت حاصل کریں گے، پی آرسی کا 5 سالہ پروگرام پاکستان بالخصوص گلگت بلتستان کے 10 اضلاع کی تقدیر بدل دے گا۔

اِن خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان ریڈ کریسنٹ نیشنل ہیڈکوارٹرز کے دورے کے موقع پر بریفنگ سیشن میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان جیسے پہاڑی علاقوں میں پاکستان ریڈ کریسنٹ گراں قدر خدمات انجام دے رہی ہے،حالیہ سیلاب اور زلزلہ کے دوران پاکستان ریڈ کریسنٹ نے متاثرین کی ہر ممکن مدد کرکے دل جیتے ہیں اور اپنی نیک نامی میں اضافہ کیا ہے۔

(جاری ہے)

اِس موقع پر سیکرٹری جنرل ڈاکٹر رضوان نصیر نے پاکستان ریڈ کریسنٹ کے اقدامات، آئندہ 5 سالہ حکمت عملی سے متعلق ملٹی میڈیا پر بریفنگ دی۔ چیئرمین پاکستان ریڈ کریسنٹ ڈاکٹر سعید الٰہی نے وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان میں پاکستان ریڈکریسنٹ کو مزید متحرک و فعال بنایا جائے گا، انہوں نے نیشنل ایمبولینس سروس کالج، ایمرجنسی میڈیکل ٹیکنیشنز، میثاقِ انسانیت، آگاہی مہم سمیت دیگر اقدامات پر روشنی ڈالی، انہوں نے گلگت بلتستان میں سٹیٹ آف دی آرٹ بلڈ بینک قائم کریں گے،حافظ حفیظ الرحمان نے بلڈ بینک، ڈی ایم ایل سی، آرکائیوز، آڈیٹوریم اور لائبریری کا وزٹ کیا اور مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی تحریر کیے، اِس موقع پر پاکستان ریڈ کریسنٹ کے چیئرمین ڈاکٹر سعید الٰہی نے انہیں ہلالِ احمر سٹار لگایا اور شیلڈ بھی پیش کی