حکومت بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سے استفادہ کرنے والوں کو لیبر مارکیٹ میں شامل کرنے پر غور کر رہی ہے

بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی چیئرپرسن ماروی میمن کی اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے عہدیداروں سے گفتگو

جمعرات 7 جنوری 2016 21:22

اسلام آباد ۔07 جنوری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔07 جنوری۔2016ء) بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی چیئرپرسن ماروی میمن نے کہا ہے کہ حکومت اس پروگرام سے استفادہ کرنے والوں کو لیبر مارکیٹ میں شامل کرنے پر غور کر رہی ہے تا کہ وہ پیداواری سرگرمیوں میں شامل ہو کر اپنا معیار زندگی بہتر کرسکیں اور حکومت کی طرف مالی مدد کیلئے دیکھنے کی بجائے اپنا ذریعہ معاش باعزت طریقے سے کما سکیں۔

انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں نجی شعبہ حکومت کے ساتھ بھرپور تعاون کرے تا کہ معاشرے سے غربت کو کم سے کم کیا جا سکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر شیخ پرویز احمد اور نائب صدر شیخ عبدالوحید سے ملاقات کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

ماروی میمن نے کہا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام معاشرے کے غریب عوام کیلئے بہت اہمیت کا حامل ہے اور اس وقت تقریباً 51 لاکھ افراد اس پروگرام سے مستفید ہو رہے ہیں جنہیں حکومت 1500روپے ماہانہ نقد رقم فراہم کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت اس پروگرام سے استفادہ کرنے والوں کو ملک کی لیبر مارکیٹ میں پیداواری سرگرمیوں میں مصروف کرنے کیلئے مختلف مواقعوں کو تلاش کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان مقاصد کے حصول کیلئے حکومت کو ملک کے چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور ایمپلائر ایسوسی ایشنوں کے تعاون کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس پروگرام کی مزید تفصیلات سے تاجر برادری کو آگاہ کرنے کیلئے جلد ہی اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کریں گی۔

اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر شیخ پرویز احمد اور نائب صدر شیخ عبدالوحید نے کہا کہ یہ ایک اچھی تجویز ہے جو قابل شتائش ہے کیونکہ اس پر عمل درآمد سے استفادہ کرنے والے خاندان حکومت کی طرف مدد کیلئے دیکھنے کی بجائے خود اپنے پاؤں پر کھڑے ہوں گے اور پیداواری سرگرمیوں میں اپنی صلاحیتوں کو استعمال میں لاتے ہوئے ملک کی پیداوار کو بہتر کرنے میں بھی کردار ادا کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ بینظر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت صاف و شفاف طریقے سے غریب عوام کی معالی معاونت کو یقینی بنانا بہت اہمیت کا حامل ہے تا کہ اصل مستحقین اس پروگرام سے مستفید ہو سکیں۔ انہوں نے اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اس پروگرام کو مزید فعال بنانے اور اس سے استفادہ کرنے والوں کو لیبر مارکیٹ میں شامل کرنے کی کوششوں میں حکومت کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرے گا ۔ انہوں نے کہا اس پروگرام کی کامیابی تاجر برادری کے بھی مفاد میں ہے کیونکہ جب غریب عوام کی قوت بڑھے گی تو کاروباری سرگرمیوں کو بھی بہتر فروغ ملے گا۔

متعلقہ عنوان :