قائدعوام کی طرح جس کانام اورکام زندہ ہے وہ نہیں مرتا ،تاریخ اورپاکستان کی عوام ذوالفقارعلی بھٹو شہیدکو کبھی فراموش نہیں کرسکتی ، اشرف بھٹی

بدھ 6 جنوری 2016 20:48

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔06 جنوری۔2016ء)پیپلزپارٹی پارلیمنٹرین کے مرکزی رہنما محمد اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ قائدعوام کی طرح جس کانام اورکام زندہ ہے وہ کبھی نہیں مرتا۔ذوالفقارعلی بھٹو شہید اپنے مزارمیں ہوتے ہوئے بھی زندہ ہیں جبکہ انہیں تختہ دارپرلٹکانے والے کوکہاں قبرنصیب ہوئی یہ کوئی نہیں جانتا۔ انتھک ذوالفقار علی بھٹو شہیدنے اپنے دوررس اقدامات سے سیاست کی دنیا میں اپنامنفردمقام بنایا ۔

قیام پاکستان کاکریڈٹ قائداعظم محمدعلی جناح ؒجبکہ استحکام پاکستان کاکریڈٹ قائدعوام ذوالفقارعلی بھٹو شہید سے کوئی نہیں چھین سکتا۔وہ پیپلزپارٹی کے بانی چیئرمین اورسابق وزیراعظم ذوالفقارعلی بھٹو شہیدکے یوم پیدائش کے سلسلہ میں ایک پروقارتقریب سے خطاب کررہے تھے۔

(جاری ہے)

محمداشرف بھٹی نے مزید کہا کہ کراچی سے خیبر تک جیالے آج بھی قائدعوام ذوالفقارعلی بھٹو شہید اوربینظیر بھٹو شہید کے نام پرووٹ مانگتے ہیں اورانہیں ووٹ ملتا ہے ۔

تاریخ اورپاکستانی قوم ذوالفقارعلی بھٹو شہیدکوفراموش نہیں کرسکتی ۔انہوں نے کہا کہ قائداعظم ؒ کی وفات کے بعد قائدعوام نے مزدوروں اورکسانوں کوسینے سے لگایا اورانہیں اپنے حقوق کیلئے جہدمسلسل کادرس دیا ۔آج مزدورکی حالت زار کے پیچھے سرمایہ دارحکمران طبقہ کامائنڈسیٹ ہے جس نے ان کے حقوق غصب کئے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ قائدعوام ذوالفقارعلی بھٹو شہید کی پیپلزپارٹی اورقومی سیاست میں ان کے اثرورسوخ کودنیا کی کوئی طاقت ختم نہیں کرسکتی ۔آج بھی پیپلزپارٹی اپنے بانی چیئرمین ذوالفقارعلی بھٹو شہید کے فلسفہ سیاست کی پاسداری کرتے ہوئے محروم طبقات کے ساتھ کھڑی ہے۔